صوبہ سندھ میں بنیادی شہری سہولیات کی ابتر صورتحال اور صوبائی حکومت کی مبینہ ناقص کارکردگی پر عوامی و سماجی حلقوں کی جانب سے شدید غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ صوبے بھر میں تعلیمی اداروں، سڑکوں اور بلدیاتی نظام کی زبوں حالی روزمرہ زندگی کے لیے ایک سنگین مسئلہ بن چکی ہے، جس کے باعث اب عوام میں نئے انتظامی یونٹس کے قیام کے حق میں آوازیں زور پکڑنے لگی ہیں۔
تعلیمی اداروں اور سڑکوں کی خستہ حالی
عوامی شکایات کے مطابق سندھ کے مختلف شہروں اور دیہی علاقوں میں سرکاری اسکولوں اور کالجوں کی عمارتیں خستہ حالی کا شکار ہیں۔ متعدد تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات ناپید ہیں جس سے طلبہ کا تعلیمی مستقبل متاثر ہو رہا ہے۔
اسی طرح صوبے کی اہم شاہراہوں اور اندرونی سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ نے شہریوں کی آمدورفت کو شدید دشوار بنا دیا ہے۔ بارشوں اور نکاسی آب کے ناقص انتظامات کے باعث سڑکیں کھنڈرات کا منظر پیش کرتی ہیں،
جبکہ جگہ جگہ کوڑے کرکٹ کے ڈھیر بلدیاتی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان بنے ہوئے ہیں۔
پیپلز پارٹی قیادت پر تنقید اور عوامی مطالبات
شہریوں کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو اپنی سیاسی مصروفیات اور طرزِ زندگی سے وقت نکال کر سندھ کے بنیادی مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔
عوامی حلقوں کے مطابق پی پی کے برسوں سے اقتدار میں رہنے کے باوجود صوبے کے عوام پینے کے صاف پانی، صحت اور معیاری تعلیم جیسی بنیادی ضروریات سے محروم ہیں۔
مقامی سطح پر عوامی مسائل حل نہیں ہوتے تو عوام متبادل راستوں کی طرف دیکھنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اب پیپلز پارٹی کے مضبوط گڑھ سمجھے جانے والے شہر لاڑکانہ سمیت سندھ بھر سے نئے انتظامی یونٹس کے حق میں بھرپور آوازیں بلند ہو رہی ہیں ۔
نئے انتظامی یونٹس پر سیاسی بیانیے میں تضاد
واضح رہے کہ بلاول بھٹو زرداری اپنے بیانات میں نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام کی مخالفت کرتے رہے ہیں اور اسے ناقابلِ قبول قرار دیتے ہیں۔
مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف صوبائی قیادت نئے انتظامی یونٹس کی مخالفت کرتی ہے تو دوسری جانب موجودہ نظام کے تحت عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں ناکامی سامنے آ رہی ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق لاڑکانہ کی دیواروں پر اہلیانِ لاڑکانہ کے نام سے سامنے آنے والی تحریریں اس بات کی عکاسی کرتی ہیں کہ عوامی سطح پر اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی اور بہتر طرزِ حکمرانی کا مطالبہ شدت اختیار کر رہا ہے۔