کوئی کچھ بھی کر لے نئے صوبوں کی تحریک سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ، نئے صوبے ہماری نسلوں کی بقا کا معاملہ ،ہماری لائف لائن ہیں،مصطفی کمال
Home - آزاد سیاست - کوئی کچھ بھی کر لے نئے صوبوں کی تحریک سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ، نئے صوبے ہماری نسلوں کی بقا کا معاملہ ،ہماری لائف لائن ہیں،مصطفی کمال
وفاقی وزیر اور ایم کیو ایم رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی، سلامتی اور آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کے لیے نئے صوبوں کا قیام ناگزیر ہوچکا ہے، نئے صوبوں کی تحریک سے کسی صورت ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے، جبکہ کراچی کو وفاق کا حصہ بنانے کی تجویز سامنے آئی تو اس کی بھی بھرپور حمایت کریں گے۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ کوئی کچھ بھی کر لے، نئے صوبوں کے قیام کے مطالبے سے دستبردار نہیں ہوں گے، کیونکہ یہ معاملہ محض سیاسی مطالبہ نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کی بقا اور ہماری لائف لائن کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دسمبر کا مہینہ انتہائی اہم ہے اور جو بھی فیصلہ ہونا ہے وہ آئندہ بجٹ سے پہلے ہونا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر نئے صوبوں کے قیام سے متعلق گفتگو سرکاری سطح پر نہ ہوتی تو اب تک کوئی نہ کوئی اسے رکوا چکا ہوتا۔ اب کسی سیاسی جماعت کے مفادات کا نہیں بلکہ ریاست کو بچانے کا وقت ہے۔ ان کے مطابق ملک کے انتظامی ڈھانچے میں تبدیلی اور نئے صوبوں کا قیام قومی ضرورت بن چکا ہے۔
مصطفیٰ کمال نے پاکستان تحریک انصاف کو بھی مشورہ دیا کہ وہ بغیر کسی شرط کے نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پی ٹی آئی کے لیے ریاست کے ساتھ اپنے معاملات بہتر بنانے کا بہترین موقع ہے اور اسے اس معاملے پر سیاسی شرائط عائد کرنے کے بجائے قومی مفاد میں حمایت کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم چاہیں تو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلا کر نئے صوبوں کے معاملے پر ریفرنڈم کی منظوری بھی حاصل کرسکتے ہیں۔ مصطفیٰ کمال نے صدر آصف علی زرداری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ سمجھدار سیاست دان ہیں اور جانتے ہیں کہ ہر کام کرنے کا ایک مناسب وقت ہوتا ہے،مصطفیٰ کمال کے بیان نے ملک میں نئے صوبوں کے قیام، انتظامی تقسیم اور کراچی کی آئینی و انتظامی حیثیت سے متعلق بحث کو ایک بار پھر نمایاں کردیا ہے۔