محکمہ موسمیات نے بارشوں کی نئی پیشگوئی کر دی،کہاں کہاں بادل برسیں گے؟

محکمہ موسمیات نے بارشوں کی نئی پیشگوئی کر دی،کہاں کہاں بادل برسیں گے؟

ملک کے مختلف علاقوں میں موسم نے ایک بار پھر کروٹ لینے کا عندیہ دے دیا ہے اور آئندہ چند روز کے دوران جنوبی اور مغربی حصوں میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پیر سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 16 فروری کو مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ ملک میں داخل ہو سکتا ہے، جس کے اثرات پیر کی شام اور منگل کو بلوچستان کے مختلف اضلاع میں دیکھے جا سکتے ہیں۔ اسی دوران کراچی سمیت سندھ کے کئی علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے۔ پیر اور منگل کو وزیرستان، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی بادل برس سکتے ہیں، جبکہ 17 فروری کو جنوبی پنجاب کے بعض علاقوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ شمالی بلوچستان، ڈی آئی خان اور ڈی جی خان میں ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:موسم پھر بدلنے لگا، بارش اور برفباری کا نیا سسٹم، محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کر دیا

بلوچستان کے شمالی اضلاع میں سردی کی شدت برقرار ہے۔ کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت 4 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قلات اور زیارت میں 2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ ژوب میں کم سے کم درجہ حرارت 7 ڈگری رہا۔ سبی میں 13، تربت میں 15، نوکنڈی میں 14، چمن میں 9، گوادر میں 13 اور جیوانی میں 15 ڈگری سینٹی گریڈ کم سے کم درجہ حرارت نوٹ کیا گیا۔

کراچی میں رواں سال معمول سے پہلے گرمی بڑھنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ آج شہر میں تیز دھوپ متوقع ہے اور درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ تاہم فضائی آلودگی کی صورتحال تشویشناک ہے اور شہر دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں بارہویں نمبر پر موجود ہے، جہاں آلودگی کی سطح 166 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی۔

لاہور میں صبح کے اوقات میں ہلکی سردی برقرار رہنے جبکہ دوپہر میں موسم معتدل ہونے کا امکان ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26 ڈگری تک جا سکتا ہے اور آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کی پیشگوئی نہیں کی گئی۔

اسلام آباد میں آج موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے۔ صبح کے وقت درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ دن میں پارہ 20 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے۔

editor

Related Articles