وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ موجودہ سیاسی حالات ایسے بن چکے ہیں کہ بظاہر تحریک انصاف کی قیادت اور قریبی حلقے بانی پی ٹی آئی کی رہائی نہیں چاہتے۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ (ایکس) پر اپنے بیان میں وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی قیادت، رشتہ دار اور سوشل میڈیا کے سرگرم افراد سمیت کوئی بھی ان کی رہائی میں سنجیدہ دکھائی نہیں دیتا۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ “ان سب کی دکانداری چل رہی ہے اور وہ دکانیں بند نہیں ہونے دیں گے۔”
اس سے قبل بانی پی ٹی آئی کی جیل میں فراہم کی جانے والی سہولیات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا تھا کہ “اتنی تو خاطریں سسرال میں بھی نہیں ہوتیں، بندہ نیا نیا بیاہ کر سسرال جائے تو وہاں بھی اتنی آؤ بھگت نہیں ہوتی۔”
یاد رہے کہ منگل کے روز سپریٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی جانب سے سپریم کورٹ آف پاکستان میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ بانی پی ٹی آئی ناشتے میں کھجور، اخروٹ، شہد، کافی، دلیہ اور جوسز استعمال کرتے ہیں، جب کہ دوپہر کے کھانے میں دیسی مرغ، مٹن، سلاد، اچار اور مکس دال شامل ہوتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق شام کے وقت بادام، کشمش، ناریل پاؤڈر، کھجور، کیلا اور سیب کا شیک فراہم کیا جاتا ہے اور انہیں جیل میں محفوظ ماحول میں رکھا گیا ہے۔ دوسری جانب پی ٹی آئی کی قیادت کی جانب سے اس بیان پر تاحال باضابطہ ردعمل سامنے نہیں۔
مزید پڑھیں: عمران خان طبی بنیادوں پر جیل سے رہائی چاہتے ہیں، امریکی اخبار میں انکشاف

