رمضان المبارک 2026 کے دوران ملک میں مجموعی طور پر خوشگوار مگر بتدریج گرم ہوتے موسم کی پیش گوئی کر دی گئی ہے، جبکہ بعض علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور آندھی کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
National Disaster Management Authority (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) کی جانب سے جاری موسمی آؤٹ لک کے مطابق رمضان کے آغاز میں زیادہ تر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم شمالی اور مغربی خطوں میں ہلکی بارش متوقع ہے۔ خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور شمالی بلوچستان میں راتیں نسبتاً سرد رہیں گی۔
رپورٹ کے مطابق دوسرے عشرے میں درجہ حرارت میں مزید اضافہ متوقع ہے جبکہ شمالی علاقوں، وسطی پنجاب اور پوٹھوہار کے خطے میں کہیں کہیں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ تیسرے عشرے کے دوران ملک کے مختلف حصوں، خصوصاً شمالی پاکستان اور وسطی پنجاب میں وقفے وقفے سے بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق رمضان کے اختتام تک جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں گرمی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے۔ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ عوام اور متعلقہ اداروں کو ممکنہ موسمی خطرات اور نقصانات سے بروقت آگاہ رکھنے کے لیے پیشگی اطلاعات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
دوسری جانب Pakistan Meteorological Department (پی ایم ڈی) کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ریکارڈ کی گئی ہے۔ بارش کے بعد شہر کا موسم خوشگوار ہو گیا۔ گلستانِ جوہر، نارتھ ناظم آباد، فیڈرل بی ایریا، یونیورسٹی روڈ، اورنگی ٹاؤن، سائٹ ایریا، بفر زون اور اسکیم 33 سمیت متعدد علاقوں میں بارش ہوئی۔