فرحت شہزادی عرف فرح گوگی اور ان کے شوہر احسن جمیل گجر کے خلاف گوجرانوالہ کے تھانہ صدر میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق مقدمہ فراڈ اور دھوکا دہی کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے، جبکہ ایف آئی آر میں ن لیگی رہنما اور سابق صوبائی وزیر چوہدری اقبال گجر کو بھی ملزم نامزد کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ چوہدری اقبال گجر فرح گوگی کے سسر اور احسن جمیل گجر کے والد ہیں۔ ایف آئی آر میں چوہدری اقبال گجر کے بیٹے، بھائی اور بھتیجے کو بھی ملزم نامزد کیا گیا ہے، جبکہ سوسائٹی کے منیجر اور ملازمین بھی مقدمے میں شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق متعلقہ سوسائٹی 2005 میں بنائی گئی تھی اور جی ڈی اے سے پی ٹی آئی دورِ حکومت میں منظوری لی گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے سوسائٹی میں پارک، اسکول اور قبرستان کے لیے مختص اراضی کو فروخت کیا، جبکہ جعلی دستاویزات تیار کرکے سرکاری اراضی بھی فروخت کی گئی۔