وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں احتجاج کے حوالے سے حکومت کی پالیسی واضح ہے اور کسی بھی صورت احتجاج کی اجازت نہیں دی جائے گی، ان کا کہنا تھا کہ احتجاج سے متعلق عدالتی فیصلہ موجود ہے اور اس پر عمل درآمد کیا جائے گا۔
ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ اسلام آباد میں کسی بھی مقام پر احتجاج کی اجازت نہیں دی جائے گی، احتجاج کے معاملے پر حکومت کسی قسم کی نرمی کا ارادہ نہیں رکھتی اور کسی دباؤ کے تحت مطالبات تسلیم نہیں کیے جائیں گے۔
پی ٹی آئی پر تنقید
وفاقی وزیر اطلاعات نے تحریک انصاف کے احتجاجی طریقہ کار پر تنقید کرتے ہوئےکہا کہ پارٹی نے ماضی میں پرتشدد مظاہرے کیے،ان کا کہنا تھا کہ احتجاج سے متعلق عدالت کا فیصلہ بھی آچکا ہے اور اس کا حکم واضح ہے، اس لیے حکومت اسی قانونی مؤقف کے مطابق کارروائی کرے گی۔
قانون سب کے لیے برابر
عطا تارڑ نے کہا کہ اپوزیشن رہنماؤں کے ساتھ ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں، تاہم قانون سب کے لیے یکساں ہے،سیاسی رہنماؤں سے رابطوں کا مطلب یہ نہیں کہ قانون کی خلاف ورزی کی اجازت دی جائے گی،انہوں نے واضح کیا کہ اسلام آباد میں تحریک انصاف کے احتجاج کی اجازت نہیں دی جائے گی اور خلاف ورزی کی صورت میں قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں :پی ٹی آئی لانگ مارچ، پولیس اہلکاروں کو شرکت سے روک دیا گیا، کارروائی ہوگی،آئی جی کا مراسلہ


