اسلام آباد میں سیکیورٹی انتظامات سخت،ریڈ زون کو سیل کرنے کا عمل تیز

اسلام آباد میں سیکیورٹی انتظامات سخت،ریڈ زون کو سیل کرنے کا عمل تیز

 وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ممکنہ احتجاجی مارچ اور دھرنوں کے پیش نظر سیکیورٹی انتظامات سخت کرتے ہوئے ریڈ زون کو سیل کرنے کا عمل تیز کردیا گیا ہے۔

اسلام آباد کے سرینا چوک سمیت مختلف اہم مقامات پر کنٹینرز کھڑے کرکے راستوں کی بندش شروع کردی گئی ہے، سیکیورٹی انتظامات کے تحت کنٹینرز کو اس انداز میں نصب کیا جارہا ہے کہ انہیں آسانی سے ہٹایا نہ جاسکے۔

 سرینا چوک پر رکھے گئے کنٹینرز کو لوہے کی سلاخوں اور پتریوں کے ذریعے آپس میں جوڑا جارہا ہے، جبکہ ان کی باقاعدہ ویلڈنگ بھی کی جارہی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق  کنٹینرز کو ویلڈ کرنے کا مقصد انہیں اپنی جگہ سے ہٹانا مشکل بنانا ہے تاکہ ممکنہ احتجاج یا مارچ کی صورت میں راستے بند رکھنے کے انتظامات برقرار رہیں۔

یہ بھی پڑھیں :ریڈزون کا تحفظ ہماری پہلی ترجیح ہے، وزیر داخلہ محسن نقوی

ریڈ زون کے گرد کنٹینرز کی دیواریں قائم کرنے کے بعد ان کے پیچھے مزید کنٹینرز رکھے جارہے ہیں۔ اس اقدام سے احتجاجی مظاہرین کے لیے رکاوٹ عبور کرنا مزید مشکل بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

وفاقی دارالحکومت کے مختلف داخلی و خارجی راستوں پر بھی رکاوٹیں کھڑی کرنے کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ اہم مقامات پر سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کیے جارہے ہیں۔

انتظامیہ کی جانب سے یہ اقدامات ممکنہ احتجاجی مارچ اور دھرنوں کے پیش نظر کیے جارہے ہیں، تاہم احتجاج کی صورت میں ٹریفک اور شہریوں کی آمدورفت پر بھی اثر پڑنے کا امکان ہے۔

editor

Related Articles