وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ رانا تنویر حسین نے پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کے لانگ مارچ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ملک اس وقت کسی لانگ مارچ یا دھرنے کا متحمل نہیں ہوسکتا، قومی اور عوامی مسائل سڑکوں کے بجائے پارلیمان میں زیر بحث آنے چاہئیں۔
اپنے آبائی حلقے شیخوپورہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر حسین نے کہا کہ سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے پاکستان سعودی قیادت کے ساتھ کھڑا ہے،انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت اپنا واضح پیغام دے چکی ہے جبکہ پاکستان کی فوج سعودی قیادت کے ایک اشارے کی منتظر ہے۔
لانگ مارچ پر تنقید
وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ حالات میں ملک کسی لانگ مارچ یا دھرنے کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ ان کے بقول پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کا لانگ مارچ بے وقت کی راگنی ہے،رانا تنویر نے کہا کہ قومی اور عوامی مسائل سڑکوں پر احتجاج کے بجائے پارلیمان میں زیر بحث آنے چاہئیں۔
دہشت گردی کیخلاف کردار
انہوں نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کی،ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت کو لانگ مارچ کے بجائے دہشت گردی پر قابو پانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
سیاسی استحکام ضروری ہے
رانا تنویر حسین نے کہا کہ سیاسی استحکام ہی معاشی استحکام کی بنیاد ہے،متحدہ اپوزیشن کے قیام سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ لاہور میں ’’سرکس کی سیاست‘‘ کرنے آئے، جبکہ اغوا کا ڈرامہ بھی عوام کے سامنے بے نقاب ہوگیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے جہاز کا معاملہ
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا جہاز سواری کیلئے ہے، سیاست کیلئے نہیں، ان کا کہنا تھا کہ یہ جہاز مریم نواز شریف کا نہیں بلکہ وزیراعلیٰ پنجاب کا ہے۔رانا تنویر نے کہا کہ حکومت کو کسانوں کی مشکلات کا احساس ہے۔ گزشتہ دو سال کے دوران کاشتکاروں کو ان کی فصلوں کے مطابق مناسب قیمت نہیں ملی، جس کے باعث بیرون ملک سے گندم درآمد کرنا پڑی۔
انہوں نے کہا کہ عوام سے کیے گئے وعدے پورے کیے جائیں گے اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف صوبے میں اچھا کام کر رہی ہیں۔


