بلوچستان کے ضلع قلات کے قریب سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگردوں کے 5 ارکان کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 18 اور 19 ستمبر 2026 کی درمیانی شب دہشتگردوں نے قلات کے قریب پاکستان ہائی وے چمن کراچی (N-25) پر لوگوں کی پُرامن آمدورفت میں خلل ڈالنے کی کوشش کی۔
دہشتگردوں نے قومی شاہراہ پر ایک چیک پوسٹ قائم کر رکھی تھی، جس کا مقصد لوگوں کو اغوا کرکے تاوان وصول کرنا، بھتہ خوری اور گاڑیاں چھیننا تھا۔
فورسز کی فوری کارروائی
سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی موجودگی کا فوری نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کی، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد فورسز کی مؤثر جوابی کارروائی میں 5 دہشتگرد ہلاک ہوگئے،آئی ایس پی آرکے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگرد فتنہ الہندوستان سے وابستہ بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے پراکسی گروہ کے ارکان تھے۔
23 مغوی بازیاب
قبل ازیں کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے سے 23 مغوی افراد کو بحفاظت بازیاب کرالیافورسز نے دہشتگردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا۔
متعدد گاڑیاں بھی برآمد
دہشتگردوں کے ٹھکانے سے 6 ٹرک، 3 بسیں اور 2 کاریں بھی برآمد کی گئیں، دہشتگرد ان گاڑیوں کو مبینہ طور پر لوگوں کو یرغمال بنانے اور دیگر مجرمانہ سرگرمیوں کیلئے استعمال کر رہے تھے۔
علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری
سکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائی کے ذریعے دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا دیےعلاقے میں مزید دہشتگردوں کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ باقی ماندہ دہشتگردوں کا خاتمہ کیا جاسکے اور مقامی آبادی سمیت اہم قومی شاہراہوں کی حفاظت یقینی بنائی جاسکے،سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے عزم استحکام کے تحت دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔