سونے کی قیمتوں کی اونچی اڑان جاری،فی تولہ کتنا مہنگا ہوگیا؟

سونے کی قیمتوں کی اونچی اڑان جاری،فی تولہ کتنا مہنگا ہوگیا؟

عالمی حالات میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث ملکی صرافہ بازاروں میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں مسلسل پانچویں روز بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد قیمتی دھاتوں کی قیمتیں نئی بلند ترین سطح کے قریب پہنچ گئی ہیں۔

آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ایران اور امریکہ کے درمیان جاری کشیدگی کے اثرات عالمی منڈیوں پر نمایاں ہو رہے ہیں، جس کے نتیجے میں بین الاقوامی سطح پر سونے کی قیمت میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا 30 ڈالر مہنگا ہو کر 5138 ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔

عالمی رجحان کے اثرات پاکستان کی مقامی مارکیٹ پر بھی مرتب ہوئے ہیں۔ ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 3000 روپے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد نئی قیمت 5 لاکھ 36 ہزار 562 روپے ہو گئی ہے۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 2572 روپے اضافے کے بعد 4 لاکھ 60 ہزار 15 روپے تک پہنچ گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:رمضان ریلیف پیکج ،مستحقین تک کیسے رقم پہنچے گی؟وزیر اعظم کا بڑا اعلان

چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ صرافہ بازار کے مطابق فی تولہ چاندی 146 روپے مہنگی ہو کر 9094 روپے کی سطح پر آ گئی ہے۔

ماہرین کے مطابق عالمی سیاسی غیر یقینی صورتحال اور سرمایہ کاروں کا محفوظ سرمایہ کاری کی جانب رجحان سونے کی قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجوہات ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر عالمی کشیدگی برقرار رہی تو قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آ سکتا ہے۔

editor

Related Articles