برطانیہ میں ایک انوکھی چوری کا معاملہ سامنے آیا ہے، جہاں 300 سال پرانی تاریخی دیوار سے ہزاروں پاؤنڈ مالیت کے پتھر غائب ہونے پر مقامی رہائشیوں نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے چور کا سراغ لگا لیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ چور کو پکڑنے کے لیے پولیس نے نہیں بلکہ خود دیہاتیوں نے ایک ایسا طریقہ اپنایا جس نے سب کو حیران کردیا۔ انہوں نے دیوار کے ایک پتھر میں ایپل ایئر ٹیگ چھپا دیا تاکہ پتھر چوری ہونے کی صورت میں اس کی لوکیشن معلوم کی جاسکے۔
رپورٹس کے مطابق برطانیہ کے علاقے لنکاشائر میں واقع دیہات ہومز وُڈ اور رُفورڈ کے رہائشی اس وقت پریشان ہوگئے جب دونوں دیہات کو ملانے والی تقریباً ایک میل طویل تاریخی دیوار سے 30 پتھر غائب ہوگئے۔
یہ دیوار تقریباً 300 سال پرانی ہے اور اس سے پتھروں کی چوری پر مقامی افراد نے پولیس سے بھی مدد طلب کی، تاہم کوئی خاص پیش رفت نہ ہونے پر دیہاتیوں نے خود چور کا سراغ لگانے کا فیصلہ کیا۔
اس مقصد کے لیے رُفورڈ اور ہومز وُڈ کے پیرش کونسلر، 43 سالہ میٹ اسمتھ نے ایک دلچسپ منصوبہ بنایا۔ 2 بچوں کے والد میٹ اسمتھ نے دیوار کے ایک ڈھیلے پتھر کے اندر ایپل ایئر ٹیگ چھپا دیا۔ ان کا مقصد یہ تھا کہ اگر کوئی شخص پتھر اٹھا کر لے جائے تو ایئر ٹیگ کے ذریعے اس کی موجودہ جگہ معلوم کی جاسکے۔
ایئر ٹیگ نے چور تک کیسے پہنچایا؟
مقامی افراد کی یہ ترکیب کامیاب ہوگئی۔ ایئر ٹیگ کی لوکیشن کے ذریعے پولیس اہلکار کریگ بارکر نامی شخص کے گھر کے پچھلے باغیچے تک پہنچ گئے۔وہاں سے دیوار کے اوپری حصے میں استعمال ہونے والے بڑی تعداد میں پتھر برآمد ہوئے۔
اس طرح ایک چھوٹے سے ایئر ٹیگ نے 300 سال پرانی دیوار سے پتھر چوری کرنے کے معاملے کا سراغ لگانے میں اہم کردار ادا کیا۔ یہ واقعہ اس بات کی دلچسپ مثال ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے مقامی افراد بھی اپنے علاقے کے مسائل حل کرنے میں کس طرح مدد کرسکتے ہیں۔