دنیائے فٹبال کے عظیم کھلاڑیوں میں شمار ہونے والے پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے انٹرنیشنل فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ اس فیصلے کے ساتھ ہی پرتگال کی قومی ٹیم کے ساتھ ان کا 23 سالہ سفر اختتام پذیر ہوگیا۔
رونالڈو نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں پرتگالی عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ وہ قومی ٹیم کی نمبر 7 والی شرٹ واپس کر دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی اس شرٹ کو صرف اپنی ملکیت نہیں سمجھا، تاہم 23 سال تک اسے پہننا، اس کا دفاع کرنا اور دنیا بھر کے اسٹیڈیمز میں پرتگال کی نمائندگی کرنا ان کے لیے بڑے اعزاز اور ذمہ داری کی بات تھی۔
رونالڈو نے کہا کہ یہ فیصلہ آسان نہیں تھا، کیونکہ بعض فیصلے صرف ذہن سے نہیں بلکہ دل سے بھی کیے جاتے ہیں۔ ان کا قومی ٹیم کے ساتھ سفر اگست 2003 میں شروع ہوا تھا، جس نے ان کی زندگی بدل دی۔
رونالڈو کی ریٹائرمنٹ کا اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گزشتہ ماہ پرتگال کے کوچ جورجے جیزس کے ساتھ ان کے اختلافات کی خبریں سامنے آئی تھیں۔ ناروے کے خلاف نیشنز لیگ کے میچ میں میدان میں نہ اتارے جانے کے بعد رونالڈو قومی ٹیم کا کیمپ چھوڑ کر چلے گئے تھے۔ بعد ازاں انہوں نے اس اقدام پر معذرت بھی کی تھی۔
کرسٹیانو رونالڈو نے پرتگال کی جانب سے 234 انٹرنیشنل میچز کھیلے اور ریکارڈ 146 گول اسکور کیے۔ وہ انٹرنیشنل فٹبال میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی ہیں۔
رونالڈو نے پرتگال کو 2016 کی یورو چیمپئن شپ اور 2019 اور 2025 کی نیشنز لیگ جتوانے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ وہ کلب فٹبال میں سعودی عرب کے النصر کی نمائندگی جاری رکھیں گے۔