عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پیٹرولیم مصنوعات پر مزید ممکنہ سبسڈی دینے پر تحفظات کا اظہار کر دیا ہے، جس کے بعد وفاقی حکومت نے آئی ایم ایف کو یقین دہانی کرائی ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو عالمی مارکیٹ کے مطابق ایڈجسٹ کیا جائے گا۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کی جانب سے سبسڈی پر اعتراضات سامنے آنے کے بعد حکومت نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ تیل کی قیمتوں میں عالمی سطح پر ہونے والی تبدیلیوں کے مطابق رد و بدل کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس پیش رفت کے نتیجے میں آئندہ ہفتے سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں سو روپے فی لیٹر سے زائد اضافے کا امکان ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے وزیراعظم نے پیٹرول کی قیمت میں 95 روپے فی لیٹر اضافے کی تجویز مسترد کر دی تھی، جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 203 روپے فی لیٹر اضافے کی تجویز کو بھی روک دیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے قیمتوں کو برقرار رکھنے کے لیے تیل کمپنیوں کو ترقیاتی بجٹ سے رقم فراہم کی تھی، تاہم آئی ایم ایف کے تحفظات کے بعد اب قیمتوں میں نمایاں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔