پاکستان ریلوے میں ملازمتوں کے خواہشمند افراد کے لیے اہم خبر سامنے آ گئی ہے، جہاں بلوچستان کوٹے کے تحت گریڈ 1 سے 16 تک مجموعی طور پر 829 خالی آسامیوں پر بھرتیوں کی باضابطہ منظوری دے دی گئی ہے۔
آسامیوں کی تقسیم اور آن لائن درخواست کا طریقہ
تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلوے کے کوئٹہ ڈویژن میں 805 جبکہ ہیڈکوارٹرز میں 24 ملازمتیں منظور کی گئی ہیں ، ان آسامیوں پر بھرتیوں کے لیے نیشنل جاب پورٹل کے ذریعے آن لائن درخواستیں طلب کر لی گئی ہیں، جبکہ درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 11 نومبر 2026 مقرر کی گئی ہے۔
پاکستان ریلوے میں بلوچستان کوٹے کے تحت منظور شدہ ملازمتوں میں بلوچ خواتین کے لیے 10 فیصد اور اقلیتوں کے لیے 5 فیصد کوٹہ مختص کر دیا گیا ہے، جبکہ مخصوص بھرتیوں کے لیے تحریری امتحان اور اسکریننگ ٹیسٹ سے خصوصی استثنیٰ دینے کی بھی باضابطہ منظوری دی گئی ہے۔
اس کے ساتھ ہی درخواست دینے کے خواہشمند امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تعلیمی اسناد، قومی شناختی کارڈ، ڈومیسائل، کریکٹر سرٹیفکیٹ اور پاسپورٹ سائز تصاویر سمیت تمام مطلوبہ دستاویزات بروقت جمع کرائیں۔
شفافیت اور 30 نومبر تک بھرتی مکمل کرنے کی ہدایت
اس حوالے سے وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ بلوچستان کوٹے کے تحت بھرتیوں کا عمل 30 نومبر 2026 سے قبل مکمل کر لیا جائے گا ، انہوں نے متعلقہ حکام کو سخت ہدایت کی ہے کہ بھرتیوں کے تمام مراحل میں میرٹ اور شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔
پاکستان ریلوے میں ان آسامیوں کی منظوری سے سرکاری ملازمت کے خواہشمند امیدواروں کو روزگار کے بہترین مواقع میسر آئیں گے، تمام امیدواروں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ درخواست جمع کرانے سے قبل نیشنل جاب پورٹل پر دستیاب اشتہار اور اہلیت کی شرائط کا اچھی طرح جائزہ لیں۔