ضلع گجرات کا گاؤں پُران اپنی منفرد سہولیات اور جدید طرز زندگی کے باعث نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں توجہ حاصل کر رہا ہے۔
اس گاؤں کو پاکستان کے امیر ترین گاؤں میں شمار کیا جاتا ہے، جہاں رہائشیوں کے لیے ایسی سہولیات موجود ہیں جو عام طور پر بڑے شہروں میں بھی آسانی سے دستیاب نہیں ہوتیں۔گاؤں میں جدید اور عالی شان مکانات کے ساتھ ساتھ صحت، بینکاری، سیکیورٹی اور سماجی سہولیات کا بھی خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔ پُران گاؤں میں رہائشیوں کی صحت کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے 2 اسپتال قائم کیے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ مفت ڈائیلاسس مرکز بھی موجود ہے، جہاں ضرورت مند مریضوں کو علاج کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔گاؤں میں ایمبولینس کی سہولت بھی دستیاب ہے تاکہ ہنگامی صورتحال میں مریضوں کو بروقت طبی امداد فراہم کی ۔
پُران کی ایک خاص بات یہاں موجود بینکاری سہولیات بھی ہیں۔ گاؤں میں مختلف بینکوں کی برانچز قائم ہیں، جس کی وجہ سے مقامی افراد کو بینکاری کے لیے دور دراز شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑتا۔ گاؤں میں جدید سیکیورٹی نظام بھی نصب کیا گیا ہے، جس کے ذریعے علاقے کی نگرانی اور شہریوں کے تحفظ کا انتظام کیا جاتا ہے۔
گاؤں میں بچیوں کے لیے سلائی سینٹر بھی قائم کیا گیا ہے، جہاں انہیں ہنر سکھانے کا انتظام کیا گیا ہے۔ مزدور طبقے کے لیے مفت دسترخوان بھی موجود ہے، جہاں ضرورت مند افراد کو کھانا فراہم کیا جاتا ہے۔
پُران گاؤں کی سب سے منفرد سہولیات میں قبرستان میں وائی فائی کی سہولت بھی شامل ہے، جو اس گاؤں کو دیگر علاقوں سے مختلف بناتی ہے۔عالی شان گھروں، جدید سہولیات، صحت اور بینکاری کے انتظامات سے لے کر سماجی خدمات تک، پُران گاؤں اپنی منفرد طرز زندگی کے باعث خاص توجہ حاصل کر رہا ہے۔