وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے جان پر کھیل کر خودکش بمبار کو روکنے والے جنڈ کے رہائشی شہید لیاقت کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔
وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے ایک بیان میں جنڈ کے نواحی گاؤں کے رہائشی شہید لیاقت کی عظیم قربانی کو سلام پیش کیا اور کہا کہ
شہید لیاقت کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کا شہید لیاقت کے خاندان سے اظہارِ ہمدردی بھی کیا۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے خوشحال گڑھ چیک پوسٹ پر جرات مندانہ ردعمل دینے پر اٹک پولیس ٹیم کو بھی سراہا اور کہا کہ پنجاب کو محفوظ بنانے اور شہریوں کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدام کرینگے ۔
یاد رہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بین الصوبائی علاقے جنڈ اور خوشحال گڑھ پل، کوہاٹ کے قریب ایک بہادر شہری نے اپنی جان قربان کر کے مقامی آبادی کو ایک بڑے دہشت گرد حملے سے بچا لیا۔
جنڈ اور خوشحال گڑھ پل کے قریب ایک مشتبہ شخص جو کہ ایک خارجی دہشت گرد تھا، کھیتوں کے راستے بڑھ رہا تھا۔ اس دوران ضلع اٹک کی تحصیل جنڈ کے گاؤں منکور کے رہائشی لیاقت نے اس مشتبہ شخص کو روکا اور اس کی شناخت پوچھی۔
مشتبہ شخص نے بوکھلاہٹ میں خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں بہادر شہری لیاقت موقع پر شہید ہو گئے جبکہ حملہ آور بھی جہنم واصل ہو گیا۔
شہید لیاقت پاکستان ریلوے کے ریٹائرڈ ملازم تھے اور انہوں نے اپنی بہادری سے نہ صرف حساس چیک پوسٹ بلکہ ارد گرد موجود متعدد قیمتی جانوں کو بھی بچا لیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دہشت گرد کا مقصد بین الصوبائی علاقے میں واقع حساس چیک پوسٹ تک پہنچنا تھا لیکن لیاقت کی بروقت کارروائی نے اس حملے کو ناکام بنا دیا۔