وزیر دفاع خواجہ آصف نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان بنوں پولیس چوکی پر ہونے والے انتہائی افسوسناک حملے کے جواب میں فیصلہ کن کارروائی کرسکتا ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ یہ حملہ بھارت کی سرپرستی میں افغانستان کے ذریعے کی جانے والی پراکسی وار کا حصہ ہے۔
خواجہ آصف نے افغانستان کی جانب سے کیے گئے اقدامات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ “اتنی احسان فراموشی انسانی تاریخ میں کبھی نہیں دیکھی گئی جتنی ضمیر فروشی افغانستان نے کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے بھارت کے ساتھ جو معرکہ حق میں کیا تھا، وہی افغانستان کے ساتھ بھی کیا جائے گا۔ ہم اس دہشت گردی کے نتیجے میں بہنے والے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیں گے، اور دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ وزیراعظم نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ سے رابطہ کیا اور اس حملے پر ہمدردی کا اظہار کیا۔ خواجہ آصف نے اس بات کو واضح کیا کہ یہ کسی ایک صوبے کی جنگ نہیں بلکہ پورے پاکستان کی جنگ ہے۔
پاکستان کا عزم ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ملکی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔