فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بحرینی وزیر خارجہ کی ملاقات، دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بحرینی وزیر خارجہ کی ملاقات، دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق

بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سکیورٹی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی و سکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور بحرین کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مشترکہ اقدار اور باہمی احترام پر مبنی قرار دیا۔

ملاقات کے دوران دفاعی اور سکیورٹی شعبوں سمیت دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور بحرین کا تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

آئی ایس پی آر کے مطابق بحرینی وزیر خارجہ نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور آپریشنل تیاریوں کا اعتراف کرتے ہوئے دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

بحرینی وزیر خارجہ نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔

قبل ازیں بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور بحرین کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بحرینی وزیر خارجہ پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ہمراہ پاکستان اور بحرین کے درمیان مشترکہ وزارتی کمیشن کے تیسرے اجلاس کی مشترکہ صدارت کے لیے پاکستان آئے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بحرینی وزیر خارجہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے بحرین کی قیادت اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان اور بحرین کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات مشترکہ اقدار، باہمی اعتماد اور عوامی روابط پر قائم ہیں۔

وزیراعظم نے پاکستان اور بحرین کے دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور افرادی قوت کی استعداد کار میں اضافے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: بحرین کے وزیر خارجہ دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے

بحرینی وزیر خارجہ نے بحرین کی قیادت کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کے لیے نیک خواہشات اور خیرسگالی کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے باہمی مفاد کے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے کے بحرین کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

ملاقات کے دوران دونوں جانب سے علاقائی اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ باہمی دلچسپی کے امور پر مسلسل مشاورت اور رابطہ برقرار رکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔

بحرینی وزیر خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار اور ثالثی کی کوششوں کو سراہا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان اور بحرین کے مشترکہ وزارتی کمیشن کا تیسرا اجلاس دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے اور باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

Related Articles