پاکستان کے مستقبل کے حوالے سے جاری بحث میں اقبال لطیف نے پروفیسر ڈاکٹر طاہر کامران کے اس مؤقف کا تفصیلی جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایک ایسی قوم ہے جس نے بالکل صفر سے سفر شروع کیا، متعدد جنگوں، شورشوں، علاقائی تنازعات اور معاشی مشکلات کے باوجود 79 سال مکمل کیے اور آج بھی ایک قائم و دائم ریاست کے طور پر موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مسائل اپنی جگہ موجود ہیں اور انہیں نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، تاہم مسائل کا ہونا اور کسی ریاست کے مستقبل کا نہ ہونا دو بالکل مختلف باتیں ہیں۔
اقبال لطیف نے یہ گفتگو سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ فرحان ورک کے ساتھ ایک تفصیلی انٹرویو میں کی، جس میں پاکستان کے قیام، وفاق، فوج، بلوچستان، خیبر پختونخوا، افغانستان، بھارت، کشمیر، ایران، دفاعی اخراجات، معیشت، قرض، آئی پی پیز، سولر توانائی، ٹیکس، ترسیلات زر، تعلیم، صحت، انسانی حقوق اور تقسیم ہند کے بعد بھارت میں مسلمانوں کی صورتحال سمیت مختلف پہلوؤں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
پاکستان کا کوئی مستقبل نہیں؟
یہ بحث اس وقت شروع ہوئی جب گورنمنٹ کالج یونیورسٹی (GCU) لاہور کے پروفیسر آف ہسٹری، بیکن ہاؤس نیشنل یونیورسٹی (BNU) کے پروفیسر اور کیمبرج سے وابستہ اسکالر پروفیسر ڈاکٹر طاہر کامران سے کیمرے پر پوچھا گیا کہ وہ پاکستان کے مستقبل کے حوالے سے پرامید ہیں یا مایوس،پروفیسر ڈاکٹر طاہر کامران نے مختصر جواب دیتے ہوئے کہا تھا: “پاکستان کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔
یہ کلپ تیزی سے وائرل ہوگیاجس کے بعد اقبال لطیف نے اس کا نکتہ بہ نکتہ جواب دیا اور ان بھارتی تبصرہ نگاروں کو بھی آڑے ہاتھوں لیا جو اس بحث میں شامل ہوگئے تھے۔اقبال لطیف نے کہا کہ یہ کہنا بہت آسان ہے کہ پاکستان کا کوئی مستقبل نہیں اور اس مؤقف کا دفاع کرنا بہت مشکل ہے۔ ان کے مطابق یہ ان لوگوں کا روایتی راگ ہے جنہیں پاکستان کے 79 سالوں کا کوئی اندازہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر کسی تاریخ دان نے واقعی پاکستان کے مستقبل پر غور کیا ہو تو اسے وہاں سے آغاز کرنا چاہیے جہاں سے پاکستان شروع ہوا تھا، لیکن ایسا نہیں کیا گیا۔ اقبال لطیف نے کہا کہ وہ اس راگ کا سو بار جواب دے چکے ہیں اور یہ 101 ویں بار ہے۔
اقبال لطیف نے پاکستان کے قیام کے وقت کے حالات بیان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے بالکل صفر سے آغاز کیا تھا غیر منقسم ہندوستان کے 921 صنعتی یونٹس میں سے پاکستان کو صرف 34 ملے تھے پاکستان کو معیشت کا 3 فیصد سے بھی کم حصہ ملا، کوئی نقد رقم موجود نہیں تھی،انہوں نے کہا کہ خزانے میں پاکستان کا حصہ اس وقت دیا گیا جب گاندھی نے اس کے لیے بھوک ہڑتال کی، جبکہ ان کے قاتل نے اپنے قتل کے جواز میں اسے ایک وجہ قرار دیا،اقبال لطیف کے مطابق اس وقت پاکستان کے پاس کوئی مرکزی بینک، کوئی نظام اور نام کا بھی کوئی سرمایہ نہیں تھا،انہوں نے کہا کہ پاکستان 5000 سال کے حملوں کی گزرگاہ، جی ٹی روڈ اور سلک روڈ پر پیدا ہوا، جبکہ اس کا ایک پڑوسی ایسا تھا جس نے اقوام متحدہ میں پاکستان کی نشست کے خلاف ووٹ دیا۔
آج پاکستان کی معیشت
اقبال لطیف نے پاکستان اور بنگلہ دیش کی موجودہ معاشی صورتحال کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان 408 ارب ڈالر کی معیشت ہے جبکہ بنگلہ دیش 511 ارب ڈالر کی معیشت ہےان کے مطابق دونوں ممالک کی معیشتیں مل کر 900 ارب ڈالر سے زیادہ بنتی ہیں، جو بھارت کی معیشت کا تقریباً 22 فیصد ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش دونوں غیر منقسم ہندوستان سے الگ ہوئے تھے۔ 1947 میں کسی نے پاکستان کے وجود پر ایک روپے کی بھی شرط نہیں لگائی تھی۔ پاکستان کا وجود میں آنا طے نہیں تھا، اس لیے اس کا وجود ہی ایک معجزہ ہے۔
اقبال لطیف نے کہا کہ ناقدین اگر پاکستان کا موازنہ اس کی موجودہ صورتحال سے کرنا چاہتے ہیں تو انہیں یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ اس نے کس مقام سے سفر شروع کیا تھاانہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ ایک ایسے دوڑنے والے کا موازنہ نہیں کیا جاسکتا جس نے ٹوٹی ہوئی ٹانگوں کے ساتھ دوڑ شروع کی ہو اور ایسے شخص سے کیا جائے جس نے سپائیکس والے جوتے پہن کر دوڑ شروع کی ہو۔ اصل سوال یہ ہے کہ اس نے کتنا فاصلہ طے کیا اور کیا وہ اب بھی دوڑ رہا ہے،ان کے مطابق پاکستان اب بھی دوڑ رہا ہے۔
وفاق اور پانچ بڑے محاذ
پاکستان کی بقا اور وفاق کے حوالے سے اقبال لطیف نے کہا کہ پروفیسر طاہر کامران کے مطابق وفاق کو کشمیر، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں کشیدگی کا سامنا ہے جو کسی بھی وقت پھٹ سکتی ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ یہ کشیدگیاں بار بار پھٹ چکی ہیں اور پاکستان نے ان کا مقابلہ کیا ہے،انہوں نے کہا کہ ریاست نے پانچ بڑے حملوں کا مقابلہ کیا ہے جن میں بی ایل اے (BLA)، ٹی ٹی پی (TTP)، ٹی ایل پی (TLP)، کراچی اور سندھ کی بغاوتیں اور سندھودیش کی تحریک شامل ہیں،ان کے مطابق اس میں سندھی اور کشمیری شورشوں اور ان آوازوں کو بھی شامل کرلیا جائے جو مخالف سمت میں کھینچتی ہیں، اس کے باوجود پاکستان اب بھی کھڑا ہے،اقبال لطیف نے کہا کہ یہی ایک وفاق کا امتحان ہوتا ہے اور پاکستان اس میں کامیاب رہا ہے۔
بھارتی تجزیہ کار کو جواب
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی تجزیہ کار رامانند سینگپتا نے جواب دیا کہ بقا کسی بھی ریاست کی کم از کم ضرورت ہوتی ہے اور تمام شورشوں کی فہرست گنوانا ظاہر کرتا ہے کہ کامیابی کتنی کم ملی ہےاقبال لطیف نے کہا کہ سینگپتا ایک ایسی دلیل کا جواب دے رہے ہیں جو انہوں نے کبھی دی ہی نہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ بقا کا مطلب خوشحالی نہیں ہے اور وہ یہ دعویٰ بھی نہیں کرتے کہ پاکستان خوشحال ہوچکا ہے۔
ان کے مطابق پروفیسر طاہر کامران نے یہ نہیں کہا تھا کہ پاکستان کو مشکل فیصلوں کا سامنا ہے بلکہ انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان کا کوئی مستقبل نہیں۔ بقا اسی بات کا جواب ہےانہوں نے یو ایس ایس آر (USSR)، یوگوسلاویہ اور چیکوسلواکیہ کی مثالیں دیتے ہوئے کہا کہ سکم کو بھی دیکھا جائے جسے 1975 میں ہڑپ کرلیا گیا۔ اگلی باری پاکستان کی ہونی تھی، لیکن پاکستان سکم نہیں ہے اور نہ ہی نیپال ہے۔اقبال لطیف نے کہا کہ پاکستان کے لیے بقا کوئی کم از کم ضرورت نہیں تھی بلکہ یہ ایک امتحان تھا۔
اقبال لطیف نے پاکستان کی بقا میں فوج کے کردار پر بھی تفصیلی گفتگو کی،انہوں نے کہا کہ ہر وفاق کو ایک مرکز کی جانب کھینچنے والی قوت (centripetal force) کی ضرورت ہوتی ہے۔ پاکستان نو یا دس پرانی قوموں، پرانی زبانوں اور تاریخ کے سنگم پر واقع ہےان کے مطابق پاکستان میں یہ قوت اس کی فوج ہے، جو اعلیٰ درجے کی، تربیت یافتہ اور جنگوں کی عادی ہے۔
اقبال لطیف نے کہا کہ کسی کو شاید یہ بات پسند نہ ہو، لیکن یہی وجہ ہے کہ مرکز گریز (centrifugal) قوتیں ناکام ہوئی ہیں،انہوں نے سوال اٹھایا کہ پاکستان کی فوج کو کون ختم کرنا چاہتا ہے، اور جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا ہر دشمن اسے سب سے پہلے ختم کرنا چاہتا ہے کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ یہی وہ قوت ہے جو وفاق کو جوڑے ہوئے ہے،انہوں نے یوگوسلاویہ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ یوگوسلاویہ کو جوڑنے والی گوند ہٹا دیں تو آپ کو یوگوسلاویہ کا انجام مل جائے گا۔
فوج معیشت اور تعلیم نہیں چلا سکتی
اقبال لطیف نے واضح کیا کہ فوج کا کردار ریاست کو متحد رکھنا ہے، معیشت چلانا یا اسکولوں کا نظام چلانا نہیں ان کے مطابق فوج کسی بچے کو تعلیم نہیں دے سکتی اور نہ ہی بجٹ متوازن کرسکتی ہے۔ یہ کام حکومتوں کا ہے اور پاکستان کی صوبائی حکومتوں نے یہ کام بہت برے طریقے سے کیا ہےانہوں نے کہا کہ ایک ایسی ریاست جو بقا کے ہر امتحان میں پاس ہوچکی ہو، اس نے یہ حق کمایا ہے کہ اسے اس بنیاد پر پرکھا جائے کہ آیا وہ اپنی معیشت اور اسکولوں کو ٹھیک کرتی ہے یا نہیں اقبال لطیف کے مطابق یہ وہ چیزیں ہیں جنہیں ٹھیک کیا جاسکتا ہے، لیکن مٹ جانا کوئی ایسی چیز نہیں جسے ٹھیک کیا جاسکے۔
بلوچستان کا اصل مسئلہ
بلوچستان کے بارے میں اقبال لطیف نے کہا کہ وہاں بی ایل اے موجود ہے، لیکن بلوچستان کا گہرا مسئلہ اس کے قبائلی سردار ہیں جو اپنے لوگوں کو غلامی میں رکھنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہاں تک کہ انگریزوں نے بھی قبائلی علاقوں کو پولیٹیکل ایجنٹوں کے کھلے ہاتھ میں چھوڑ دیا تھاان کے مطابق ذوالفقار علی بھٹو نے 1976 میں سرداری نظام ختم کرنے کا قدم بھی اسی وجہ سے اٹھایا تھا۔اقبال لطیف نے کہا کہ بلوچستان کو پاکستان سے نہیں بلکہ اپنے جاگیرداروں سے آزادی کی ضرورت ہے۔
افغانستان کے ساتھ تنازع
افغانستان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ستمبر 1947 میں جب پاکستان نے اقوام متحدہ میں شمولیت کی درخواست دی تو صرف ایک ملک نے ڈیورنڈ لائن پر پاکستان کے خلاف ووٹ دیا اور وہ افغانستان تھاان کے مطابق افغانستان نے ایک ماہ بعد وہ ووٹ واپس لے لیا، لیکن کسی بھی افغان حکومت نے کبھی ڈیورنڈ لائن کو تسلیم نہیں کیاکابل نے دریائے سندھ تک پشتون زمینوں پر دعویٰ کیا ہے جبکہ افغان قوم پرستوں نے اٹک، کوئٹہ، بلوچستان اور سمندر تک راستے پر مشتمل پاکستان کی بات کی ہے۔
پاکستان کی جانب سے طالبان کی ماضی میں حمایت کے حوالے سے سوال پر اقبال لطیف نے کہا کہ پاکستان نے ان کی مدد کی اور انہوں نے پاکستان کی پیٹھ میں چھرا گھونپا،انہوں نے کہا کہ طالبان بھی ڈیورنڈ لائن کو تسلیم نہیں کرتے اور وہ ٹی ٹی پی کو پناہ دیتے ہیں، جن کے ہاتھوں پر ہزاروں پاکستانیوں کا خون ہے۔
اقبال لطیف نے سوال کیا کہ پاکستان اس صورتحال میں کس قسم کی دوستی کی توقع کرسکتا ہے،انہوں نے افغانستان کو ملنے والی بھارتی فنڈنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے اس سال افغانستان کے لیے اپنا بجٹ 100 کروڑ روپے سے بڑھا کر 150 کروڑ روپے کردیا ہے۔ دہلی اب طالبان کو دوست کہتا ہے جبکہ پاکستان ان سے لڑتا ہے۔
بھارت، درہ خیبر اور کشمیر
بھارت کے حوالے سے اقبال لطیف نے کہا کہ ایک ہزار سال تک درہ خیبر ہندوستان کے لیے ایک عذاب رہا ہے،انہوں نے غزنی سے سومناتھ، غوری سے ترائن اور ابدالی سے پانی پت تک کی مثالیں دیں ان کے مطابق رنجیت سنگھ کے بعد وہ بفر قائم رہی اور آج پاکستان اس کو روکے ہوئے ہے۔اقبال لطیف نے کہا کہ بھارت نے 79 سالوں سے اپنی مغربی سرحد پر مفت سکون پایا ہے اور وہ کبھی شکریہ ادا نہیں کرتا۔
انہوں نے کشمیر کے مسئلے کو بھی حل طلب قرار دیتے ہوئے کہا کہ جوناگڑھ اور حیدرآباد پر بھارت نے جو اصول لاگو کیا تھا کہ فیصلہ اکثریت کرے گی، اسی اصول کو اس نے کشمیر کے لیے ماننے سے انکار کردیا۔کارگل اور ممبئی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کارگل ایک غلطی تھی جبکہ ممبئی پاکستانی سرزمین سے ہونے والی دہشت گردی تھی اور انہوں نے ہمیشہ کہا ہے کہ دہشت گردی کوئی راستہ نہیں ہےتاہم انہوں نے کہا کہ اپریل 2025 میں بھارت نے 1960 کے سندھ طاس معاہدے کو “معطل” کردیا، حالانکہ یہ معاہدہ تین جنگوں میں بھی برقرار رہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت مذاکرات سے کنارہ کشی اختیار کرچکا ہے اور کشمیریوں کو وہ حق خودارادیت دیا جانا چاہیے جس کا اقوام متحدہ نے 1948 میں ان سے وعدہ کیا تھا، بجائے اس کے کہ انہیں ساڑھے پانچ لاکھ فوجیوں، نیم فوجی دستوں اور پولیس کے ذریعے دباکر رکھا جائے،اقبال لطیف کے مطابق یہ تمام مسائل حل ہوسکتے ہیں، لیکن انہیں حل کرنے کی خواہش ہونی چاہیے۔
ایران اور پاکستان
ایران کے حوالے سے اقبال لطیف نے کہا کہ ایران نے پاکستان پر اتنا بھروسہ کیا کہ جب جنگ آئی تو اسے ثالث بنایاان کے مطابق ایسے ملک کے لیے یہ کہنا بے معنی ہے کہ وہ اپنے پڑوسیوں کو نہیں سنبھال سکتا۔
دفاعی اخراجات
دفاعی اخراجات کے بارے میں اقبال لطیف نے کہا کہ 2025 میں پاکستان نے اپنی فوج پر 11.9 ارب ڈالر خرچ کیے جبکہ بھارت نے 92.1 ارب ڈالر خرچ کیےان کے مطابق یہ بجٹ بھارت کے تقریباً 1.45 ملین فوجیوں کے مقابلے میں پاکستان کے لگ بھگ 6 لاکھ 60 ہزار فعال فوجیوں کو برقرار رکھتا ہے۔یہ تقریباً 63 ہزار ڈالر فی فوجی کے مقابلے میں 18 ہزار ڈالر بنتا ہے۔اقبال لطیف نے واضح کیا کہ یہ اخراجات کا موازنہ ہے، صلاحیت کا نہیں۔ بھارت زیادہ طیارے اور زیادہ ٹیکنالوجی خریدتا ہے اور اس کا پنشن کا بل بھی زیادہ ہے۔
تاہم ان کے مطابق تقریباً آٹھویں حصے کی رقم پر پاکستان اپنے سے چھ گنا بڑے ملک کے خلاف توازن برقرار رکھے ہوئے ہےانہوں نے کہا کہ سات سے دس مئی نے دکھا دیا کہ اس رقم سے کیا خریدا جاسکتا ہے،اقبال لطیف کے مطابق یہ وہ بجٹ نہیں جو کسی قوم کو کھا رہا ہو بلکہ یہ سب سے سستی انشورنس ہے جو کسی بھی قوم نے خریدی ہے۔
سعودی عرب اور ترکی کے ساتھ معاہدے
پاکستان کی خارجہ پالیسی کے حوالے سے اقبال لطیف نے کہا کہ اس کے عزائم بہت بلند نہیں بلکہ پورے ہورہے ہیں،انہوں نے بتایا کہ 17 ستمبر 2025 کو پاکستان اور سعودی عرب نے اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے پر دستخط کیے، جس کے تحت ایک کے خلاف جارحیت دونوں کے خلاف جارحیت سمجھی جائے گی،ان کے مطابق 7 اگست 2026 کو مکہ میں ترکی پاکستان اور سعودی عرب کے ساتھ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے میں شامل ہوا،اقبال لطیف نے کہا کہ انہوں نے سعودیوں کے ساتھ کام کیا ہے اور وہ بہت عملی سوچ رکھنے والے ہیں۔ وہ کبھی بھی کسی ایسی قوم کو اپنے ساتھ نہیں ملائیں گے جس کی کوئی حیثیت نہ ہو۔
امریکہ، ایران اور پاکستان کا ثالثی کردار
بھارتی تجزیہ کار رامانند سینگپتا کے اس مؤقف پر کہ دفاعی معاہدہ کوئی سپر پاور اتحاد نہیں ہوتا، اقبال لطیف نے سوال کیا کہ جب امریکہ اور ایران کو کسی ثالث کی ضرورت تھی تو وہ اسلام آباد کیوں آئے، دہلی کیوں نہیں؟انہوں نے کہا کہ 8 اپریل 2026 کو پاکستان نے امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کروائی،ان کے مطابق جب کوئی اور یہ کام نہیں کرسکتا تھا تو پاکستان نے دونوں فریقوں کے درمیان تجاویز کا تبادلہ کیا،اقبال لطیف نے کہا کہ تین دن بعد جے ڈی وینس (J.D. Vance) اسلام آباد میں ایران کے وزیر خارجہ کے سامنے میز پر بیٹھے تھے اور اس عمل کے نتیجے میں جون میں ایک یادداشت پر دستخط ہوئےانہوں نے کہا کہ ایک مفلس ریاست اس میز کی میزبانی نہیں کرتی۔
پاکستان کا جغرافیائی اور تزویراتی کردار
اقبال لطیف نے کہا کہ پاکستان کے اثر و رسوخ کی وجہ جغرافیہ اور حکمت عملی ہے۔ان کے مطابق پاکستان برصغیر کا دروازہ ہے۔ 1979 میں جب دہلی نے کابل میں سوویت کٹھ پتلی کی حمایت کی تو پاکستان نے وہ جنگ لڑی۔نائن الیون کے بعد بھی پاکستان فرنٹ لائن تھا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کبھی سائیڈ لائن پر نہیں بیٹھا۔ سیٹو (SEATO)، سینٹو (CENTO)، سینٹرل کمانڈ اور اب خلیج تک پاکستان کا کردار موجود رہا ہے۔
سعودی عرب کے پرانے گھیراؤ کا حوالہ دیتے ہوئے اقبال لطیف نے کہا کہ اسد کی علوی حکومت گرچکی ہے، حزب اللہ کو تباہ کردیا گیا ہے، عراقی ملیشیاؤں کی طاقت کم کردی گئی ہے اور حوثی پہاڑوں سے نیچے آنے کی قیمت چکا رہے ہیں،ان کے مطابق پاکستان ایک ابھرتے ہوئے مسلم نیٹو کے مرکز میں بیٹھا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاض جائیں اور وہاں موجود پاکستانی فوجیوں کو دیکھیں۔ سمجھا جاتا تھا کہ پاکستان کی کوئی حیثیت نہیں ہوگی، لیکن آج وہ فیصلہ سازوں کے کمرے میں موجود ہے۔
مقامی قرضہ اصل مسئلہ
معیشت کے حوالے سے پروفیسر طاہر کامران کے اس جملے کہ “آپ یا تو قرض لیتے ہیں یا آپ قرض کا سود ادا کررہے ہوتے ہیں”، پر اقبال لطیف نے کہا کہ پروفیسر نے بجٹ نہیں پڑھا۔
ان کے مطابق پاکستان کے دو اصل مسائل ہیں اور دونوں وہ نہیں ہیں جو پروفیسر سمجھتے ہیں۔پہلا مسئلہ مقامی قرضہ ہے۔ پاکستان کا 69 فیصد قرضہ مقامی ہے اور قرض کی سروسنگ کا 82 فیصد اسی پر جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ قرض کسی کی بچتیں ہیں جو پاکستانیوں کو ہی ادا کرنی ہیں، جبکہ 7 فیصد سے بھی کم لوگ اور کمپنیاں اس کے 87 فیصد کی مالک ہیں۔سوال اٹھایا گیا کہ چاہے یہ رقم پاکستانیوں کو ادا کی جائے یا نہیں، سود تو سود ہے۔اقبال لطیف نے اس سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ بینک کو ادا کیا جانے والا سود کا ہر روپیہ وہ روپیہ ہے جو کسی اسکول، کلینک یا سڑک پر خرچ نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ وہ اسے بے ضرر قرار نہیں دے رہے بلکہ ان کے مطابق مسئلہ اس بات کا ہے کہ کسے ادائیگی کی جاتی ہے اور کتنی۔ یہ مسئلہ ملک کے اندر ٹھیک کیا جاسکتا ہے، یہ پاکستان کی گردن میں پڑا کوئی غیر ملکی پھندا نہیں ہے۔
اقبال لطیف نے دوسرا بڑا مسئلہ آئی پی پیز (IPPs) کو قرار دیا۔ان کے مطابق پاکستان کی گردن پر 51 گیگا واٹ کے نجی بجلی کے معاہدے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی غلطی اپنی ہائیڈرو پاور یعنی پن بجلی کو نظر انداز کرنا اور ہائیڈرو کاربنز پر انحصار کرنا تھا۔ڈالر میں بجلی خرید کر اسے روپے میں فروخت کیا گیا۔اقبال لطیف نے کہا کہ آپ کبھی بھی وہ چیز غیر ملکی کرنسی میں نہیں خریدتے جسے آپ نے روپے میں بیچنا ہو۔ یہی عدم توازن لوڈشیڈنگ کا باعث ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک ایسی بات ہے جس پر کوئی بات نہیں کرتا کہ عوام نے اسے خود ٹھیک کیا ہے۔ان کے مطابق پاکستانیوں نے پانچ سالوں میں بغیر کسی آئی ایم ایف (IMF) قرض کے، اپنے نجی پیسوں سے تقریباً 18 ارب ڈالر مالیت کے 50 گیگا واٹ سولر پینلز درآمد کیے ہیں۔
ٹیکس اور ترسیلات زر
ٹیکس کے حوالے سے اقبال لطیف نے کہا کہ پاکستانی خاطر خواہ ٹیکس ادا نہیں کرتے، بات ختم۔ان کے مطابق ٹیکس ٹو جی ڈی پی تناسب بہت کم ہے اور اسے بڑھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اس سے کبھی انکار نہیں کیا۔ترسیلات زر کے بارے میں بھارتی تجزیہ کار سینگپتا کے اس مؤقف کہ ترسیلات زر صنعت کاری نہیں ہیں، پر اقبال لطیف نے کہا کہ وہ اس بات سے اتفاق کرتے ہیں اور ان کا مضمون بھی یہی کہتا ہے۔
تاہم انہوں نے کہا کہ اعتماد کے ووٹ کو دیکھنا چاہیے۔ بیرون ملک پاکستانیوں نے گزشتہ سال 41.6 ارب ڈالر بھیجے جو پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ ہے۔ان کے مطابق قوت خرید کے لحاظ سے پاکستان میں ایک ڈالر تقریباً چار گنا زیادہ چیزیں خرید سکتا ہے۔اقبال لطیف نے کہا کہ 83 سے 84 فیصد پاکستانیوں کا اپنا گھر ہے جس پر تقریباً کوئی مارگیج (رہن) کا قرض نہیں ہے۔ان کے مطابق خاندان کو پالنے کے حوالے سے پاکستان دنیا کے سستے ترین ممالک میں سے ایک ہے۔
کیا پاکستان مفلس ریاست ہے؟
پروفیسر طاہر کامران کی جانب سے پاکستان کو مفلس ریاست قرار دیے جانے پر اقبال لطیف نے پنجاب کی مثال دی۔انہوں نے یو این ڈی پی (UNDP) کے ڈسٹرکٹ انڈیکس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ لاہور 0.877، راولپنڈی 0.871، سیالکوٹ 0.834 اور جہلم 0.829 پر ہے۔انہوں نے کہا کہ ان شہروں کا موازنہ بھارت کے کسی بھی شہر سے کرلیا جائے۔غربت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ 81 کروڑ 30 لاکھ بھارتی، جو ملک کی آدھی سے زیادہ آبادی ہے، ریاست کی طرف سے ملنے والے مفت اناج پر زندہ ہیں۔اقبال لطیف کے مطابق پاکستان کا بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام 3 کروڑ 80 لاکھ گھرانوں میں سے تقریباً ایک کروڑ گھرانوں تک پہنچتا ہے، یعنی تقریباً ایک چوتھائی۔انہوں نے کہا کہ ایک چوتھائی کے مقابلے میں آدھے سے زیادہ، شیشے کے گھروں میں رہنے والے۔
پاکستان کی ناکامیاں بھی تسلیم
اقبال لطیف نے پاکستان کی خامیوں اور ناکامیوں کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ پروفیسر طاہر کامران کا اسکولوں، اسپتالوں اور غذائی قلت کا شکار بچوں کے حوالے سے نکتہ درست ہے۔انہوں نے کہا کہ تقریباً 2 کروڑ 50 لاکھ بچے اسکول نہیں جاتے، جن میں سے 74 لاکھ سندھ میں ہیں۔ان کے مطابق سندھ میں گھوسٹ اسکول موجود ہیں اور تقریباً 32 ہزار پرائمری اسکولوں سے نکلنے والے بچوں کے لیے ان سے اوپر کی سطح کے صرف تقریباً 3 ہزار اسکول ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شمالی اور جنوبی پنجاب تعلیم میں پیچھے ہیں، مدرسہ کلچر عام ہے، بچوں میں اسٹنٹنگ یعنی نشوونما کا رک جانا ایک قومی شرمندگی ہے اور کچھ اشاریوں میں نیپال پاکستان سے آگے ہے۔سماجی اشاریوں پر بنگلہ دیش بھی پاکستان سے آگے ہے۔اقبال لطیف نے کہا کہ اس صورتحال کی ذمہ دار وہ صوبائی حکومتیں ہیں جنہیں پرواہ نہیں ہے۔ان کے مطابق 18ویں ترمیم کے بعد سے تعلیم اور صحت صوبائی حکومتوں کا کام ہے اور ان میں سے بہت سی حکومتیں اس میں ناکام رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ سب ٹھیک ہونا چاہیے اور وہ اس کا دفاع نہیں کررہے۔
پاکستان کا تاریخی پس منظر
اقبال لطیف نے کہا کہ ایک تاریخ دان کو یہ بھی پوچھنا چاہیے کہ اس زمین کا آغاز کہاں سے ہوا تھا۔ان کے مطابق یہ زمین مکمل طور پر قبائلی اور جاگیردارانہ تھی۔1871 کی مردم شماری کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پورے ہندوستان کی شرح خواندگی 4.01 فیصد تھی اور دریائے سندھ کے شمال میں جاگیردارانہ پٹی میں یہ تقریباً صفر تھی۔انہوں نے کہا کہ جو اب کے پی کے (KPK) ہے وہ ڈیورنڈ لائن کے بعد ہی شامل ہوا تھا۔ان کے مطابق کلکتہ 1835 سے ڈاکٹر تیار کررہا تھا اور ہندوستان کی تعلیم میں اس خطے کا بہت کم حصہ تھا، اس لیے برابری کرنے میں وقت لگتا ہے۔
پاکستان میں تعمیر و ترقی
اقبال لطیف نے پاکستان میں تعمیر ہونے والے اداروں اور انسانی وسائل کی مثالیں دیتے ہوئے کہا کہ گمبٹ کا ٹرانسپلانٹ یونٹ جاکر دیکھیں،انہوں نے لاہور کے کینسر اسپتال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک شاندار اسپتال ہے،ان کے مطابق 12 ہزار بچوں کی ہارٹ سرجری کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ تقریباً 2 لاکھ 50 ہزار پاکستانی طلباء جی سی ایس ای (GCSEs) اور اے لیولز (A levels) کے امتحانات دیتے ہیں، جو دنیا میں سب سے بڑی تعداد میں سے ایک ہے۔
اقبال لطیف نے کہا کہ برطانیہ اور بھارت کے بعد پاکستان برطانیہ کے این ایچ ایس (NHS) میں ڈاکٹروں کا تیسرا بڑا ذریعہ ہے، حالانکہ پاکستان ایک ایسے ملک سے تعلق رکھتا ہے جو بھارت کے سائز کا چھٹا حصہ ہےانہوں نے امریکہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہاں جاکر اپنی (APPNA) کے ڈاکٹروں سے ملیں،اقبال لطیف نے کہا کہ وہ خود پاکستان سے غیر معمولی کام درآمد کرتے ہیں، جن میں اسٹیل لیزر کٹنگ دسویں حصے کی قیمت پر شامل ہے۔
انسانی حقوق پر بھی کام ضروری
انسانی حقوق کے بارے میں اقبال لطیف نے کہا کہ پاکستان کو انسانی حقوق پر بہتر کام کرنے کی ضرورت ہے،انہوں نے کہا کہ پاکستان کوئی نروان یعنی جنت نہیں ہےتاہم ان کے مطابق ایک قوم جو ترقی کے لیے جدوجہد کررہی ہو، وہ ایسی قوم نہیں ہوتی جس کا مٹ جانا طے ہو۔انہوں نے کہا کہ یہ دو مختلف باتیں ہیں اور پروفیسر طاہر کامران نے ان دونوں کو آپس میں ملا دیا ہے۔
تقسیم ہند اور بھارت کے مسلمان
تقسیم کو غلطی قرار دینے والے ناقدین کے بارے میں اقبال لطیف نے کہا کہ پھر اس متبادل پر نظر ڈالنی چاہیے، یعنی ان مسلمانوں پر جو بھارت میں رہ گئے۔انہوں نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں کی تعداد 20 کروڑ ہے جو اس کی آبادی کا تقریباً 14 فیصد ہےاقبال لطیف نے 2006 کی سچر کمیٹی (Sachar Committee) کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ سول سروس میں مسلمانوں کا حصہ صرف 3 فیصد تھا، بینکوں کے قرضوں کا ایک معمولی سا حصہ انہیں ملتا تھا اور کئی اعتبار سے وہ شیڈول کاسٹ اور قبائل سے بھی بدتر حالت میں تھے،ان کے مطابق پاکستان میں جو بھی غلط ہوا، مسلمانوں کا حال اس سے بدتر نہیں ہوسکتا تھا۔
بھارت میں مسلمانوں کی موجودہ صورتحال
اس بات پر کہ سچر کمیٹی کی رپورٹ 20 سال پرانی ہے، اقبال لطیف نے کہا کہ پھر آج کا دن دیکھ لیں،انہوں نے کہا کہ جون 2024 میں بھارت کی تاریخ میں پہلی بار ایک بھی مسلمان نے یونین منسٹر کے طور پر حلف نہیں لیا۔ان کے مطابق لوک سبھا میں بی جے پی کے 240 ارکان پارلیمنٹ میں سے ایک بھی مسلمان نہیں، حالانکہ یہ ایک ایسی کمیونٹی ہے جس کی تعداد 20 کروڑ ہے۔
انہوں نے ہیومن رائٹس واچ کی گنتی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 2015 سے 2018 کے درمیان گائے کے رکھوالوں نے 44 لوگوں کو قتل کیا، جن میں سے 36 مسلمان تھے،اقبال لطیف نے اسے اکثریتی حکمرانی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اکھنڈ بھارت اور ہندو راشٹر کے زیر سایہ وہ نہیں رہنا چاہتے تھے اور بنگلہ دیش بھی نہیں رہنا چاہتا تھا۔
پاکستان ہی بہتر انتخاب
پاکستان کو “قابل رحم ریاست” قرار دینے کے جواب میں اقبال لطیف نے کہا کہ پاکستانی آزاد ہیں،ان کے مطابق پاکستانی خود پر حکومت کرتے ہیں، ان کی نمائندگی کی جاتی ہے اور وہ اپنے معاملات خود چلاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک ایسے ذات پات کے معاشرے میں جہاں آج بھی اچھوت پائے جاتے ہیں، دباکر رکھے جانے کا مطلب ہر کوئی نہیں جانتا۔
اقبال لطیف نے سوال کیا کہ پاکستان یہ سب کیوں چنتا؟ان کے مطابق 25 کروڑ پاکستانیوں کے لیے پاکستان ہی بہتر انتخاب رہا ہےانہوں نے واضح کیا کہ یہ ان کی تشریح نہیں بلکہ زمینی حقائق ہیں۔
پیرس کی ٹیکسی میں پیش آنے والا واقعہ
انٹرویو میں اقبال لطیف نے اس وقت کا واقعہ بھی بیان کیا جب انہوں نے پروفیسر طاہر کامران کا کلپ سنا۔انہوں نے بتایا کہ وہ پیرس میں تھے، کسی نے انہیں ٹیگ کیا، انہوں نے ویڈیو سنی اور پھر ایک ٹیکسی میں بیٹھ گئےٹیکسی ڈرائیور نے ان سے پوچھا کہ وہ کہاں سے ہیں۔اقبال لطیف نے بتایا کہ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے ہیں۔ ڈرائیور الجزائر سے تھا، ایک ایسا شخص جس نے پوری دنیا دیکھی تھی اور ایک ایسی قوم سے تعلق رکھتا تھا جس نے اپنی آزادی کے لیے جنگ لڑی تھی۔
ان کے مطابق ڈرائیور پاکستانیوں کے بارے میں بات کرنے لگا اور انہیں جنگجو اور عظیم لوگ قرار دیااقبال لطیف نے کہا کہ سینگپتا کہتے ہیں کہ ٹیکسی ڈرائیور کی تعریف کوئی ترقی کا اشاریہ نہیں ہوتی، اور وہ اس بات سے اتفاق کرتے ہیں کہ یہ ایک قصہ تھا، کوئی انڈیکس نہیں،تاہم ان کے مطابق یہ واقعہ بتاتا ہے کہ دنیا پاکستان کو کس نظر سے دیکھتی ہے اور یہ وہ نظریہ نہیں ہے جس سے پروفیسر طاہر کامران پاکستان کو دیکھتے ہیں۔
ٹی وی پر آمنے سامنے بحث کا چیلنج
انٹرویو کے اختتام پر اقبال لطیف نے پروفیسر طاہر کامران کو براہ راست چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان کے مسائل بیان کیے ہیں لیکن یہ ثابت نہیں کیا کہ پاکستان کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک تاریخ دان کو ایک ایسی قوم جو ترقی کے لیے جدوجہد کررہی ہو اور ایک ایسی قوم جس کا مٹ جانا طے ہو، کے درمیان فرق معلوم ہونا چاہیے۔
اقبال لطیف کے مطابق پاکستان نے 79 سال اس فرق کو ثابت کرنے میں صرف کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر پروفیسر طاہر کامران اس بات سے اتفاق نہیں کرتے تو ٹیلی ویژن پر ان کے ساتھ بحث کریں۔اقبال لطیف نے کہا کہ پروفیسر اپنی پسند کا کوئی بھی چینل اور کوئی بھی فارمیٹ منتخب کرسکتے ہیں، اپنا کلپ اور اپنی سوچ ساتھ لائیں۔انہوں نے کہا کہ وہ 921 اور 34 فیکٹریاں، ڈیورنڈ لائن، آئی پی پیز (IPPs)، اسکول نہ جانے والے 2.5 کروڑ بچے، سب کچھ لے کر آئیں گے، اچھا بھی اور برا بھی۔
ان کے مطابق عوام فیصلہ کریں کہ آیا پاکستان کا کوئی مستقبل ہے یا نہیں۔اقبال لطیف نے کہا کہ وہ اس راگ کو 100 بار جھوٹا ثابت کرچکے ہیں اور کیمروں کے سامنے 101 ویں بار ایسا کرنے میں انہیں خوشی ہوگی۔