ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کے اثرات اب تہران کے ایک دکاندار کی روزی روٹی پر بھی پڑنے لگے ہیں،اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے غیر معمولی مشابہت رکھنے والے خشک میوہ جات کے ایک ایرانی دکاندار کو گاہکوں کے بائیکاٹ کا سامنا ہے، جس کے باعث اس کی دکان پر خریداروں کی آمد تقریباً ختم ہوگئی ہے۔
ترک میڈیا کے مطابق تہران میں خشک میوہ جات اور مٹھائیاں فروخت کرنے والے اس دکاندار کی شکل اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے حیرت انگیز حد تک ملتی ہے۔ اس کی دکان میں بنائی گئی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو اس کی مشابہت لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گئی۔
تاہم سوشل میڈیا پر شہرت ملنے کے بجائے اس دکاندار کو کاروباری مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور متعدد شہریوں نے اس کی دکان سے خریداری کرنا چھوڑ دی،دکاندار کا کہنا ہے کہ اب کوئی بھی گاہک اس کی دکان پر نہیں آ رہا اور وہ اس صورت حال سے تنگ آچکا ہے۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر ویڈیو دیکھنے والے بعض صارفین نے دکان کا پتا معلوم کرنے کی کوشش کی، جبکہ کئی افراد نے نیتن یاہو سے اس کی غیر معمولی مشابہت پر دلچسپ اور مزاحیہ تبصرے بھی کیےیوں ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کے ماحول میں ایک عام ایرانی دکاندار کی شکل کی مشابہت اس کے کاروبار کے لیے غیر متوقع مشکل بن گئی ہے۔
