وزیراعظم شہباز شریف کوپ 31 سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے ترکیہ پہنچ گئے،عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں متوقع

وزیراعظم شہباز شریف کوپ 31 سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے ترکیہ پہنچ گئے،عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں متوقع

وزیراعظم شہباز شریف عالمی موسمیاتی کانفرنس کوپ 31 کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے ترکیہ کے شہر انطالیہ پہنچ گئے، جہاں وہ عالمی رہنماؤں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کا مؤقف اور موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے اثرات سے متعلق ملک کی ترجیحات پیش کریں گے۔

انطالیہ ایئرپورٹ پہنچنے پر ترکیہ کے نائب وزیر برائے ثقافت نے وزیراعظم شہباز شریف کا استقبال کیا۔ اس موقع پر ترکیہ میں پاکستان کی نامزد سفیر آمنہ بلوچ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف اپنے خطاب میں پاکستان کو درپیش موسمیاتی چیلنجز اور ان کے منفی اثرات پر روشنی ڈالیں گے، جبکہ موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے عالمی تعاون کو مزید مؤثر اور مضبوط بنانے کی ضرورت بھی اجاگر کریں گے۔

دورے کے دوران وزیراعظم قابل تجدید توانائی اور بجلی کے فروغ سے متعلق مکالمے سے بھی خطاب کریں گے، جس میں توانائی کے شعبے میں درپیش چیلنجز اور مستقبل کی ترجیحات پر بات کریں گے۔

کوپ 31 سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کی ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات بھی متوقع ہے۔ اس کے علاوہ کانفرنس میں شریک دیگر عالمی رہنماؤں سے بھی ان کی ملاقاتیں ہوں گی، جن میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

کانفرنس کے موقع پر پاکستان کی جانب سے خصوصی پویلین بھی قائم کیا گیا ہے، جہاں موسمیاتی تبدیلی سمیت مختلف موضوعات پر 54 تقریبات منعقد ہوں گی۔ ان تقریبات کے ذریعے پاکستان اپنی موسمیاتی ترجیحات اور مختلف شعبوں میں اقدامات کو عالمی سطح پر اجاگر کرے گا۔

editor

Related Articles