نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے خصوصی افراد کے لیے وہیل چیئر کے نشان والے قومی شناختی کارڈ کے حصول کا طریقہ کار جاری کردیا ہے، جس کے تحت پہلی مرتبہ شناختی کارڈ بنوانے والے اہل درخواست گزاروں سے کوئی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔
نادرا کی جانب سے جاری کردہ طریقہ کار کے مطابق خصوصی افراد کو شناختی کارڈ بنوانے کے لیے نادرا یا یونین کونسل سے جاری کردہ متعلقہ دستاویزات کی فوٹو کاپیاں فراہم کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی، بلکہ مطلوبہ دستاویزات کے نمبر ساتھ لانا کافی ہوگا۔
شناختی کارڈ کے لیے کون سی دستاویزات ضروری ہیں؟
طریقہ کار کے مطابق درخواست گزار کے پاس متعلقہ ادارے کی جانب سے جاری کردہ معذوری کا سرٹیفکیٹ ہونا لازمی ہے۔
فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں معذوری کا سرٹیفکیٹ سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ جاری کرتا ہے، جبکہ دیگر علاقوں میں پاکستان کونسل آف رائٹس آف ڈس ایبل پرسنز (پی سی آر ڈی پی) کی جانب سے جاری کردہ سرٹیفکیٹ درکار ہوگا۔
اس کے علاوہ درخواست گزار کو والد یا بہن بھائیوں میں سے کسی ایک کے قومی شناختی کارڈ کا نمبر، بے فارم یا یونین کونسل یا کنٹونمنٹ بورڈ سے جاری کردہ کمپیوٹرائزڈ برتھ سرٹیفکیٹ کا سی آر ایم ایس نمبر فراہم کرنا ہوگا۔
اگر درخواست گزار کا معذوری کے نشان کے ساتھ یا اس کے بغیر چائلڈ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (سی آر سی) پہلے سے جاری ہوچکا ہے تو کمپیوٹرائزڈ برتھ سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں ہوگی۔
درخواست جمع کرانے کا طریقہ کار
نادرا کے مطابق خصوصی شناختی کارڈ کے حصول کے لیے درخواست گزار کو متعلقہ نادرا رجسٹریشن سینٹر جانا ہوگا، جہاں ریسیپشن سے ٹوکن حاصل کرنے کے بعد ون ونڈو کاؤنٹر پر درخواست کی کارروائی شروع ہوگی۔
اگلے مرحلے میں والدین یا بہن بھائیوں میں سے کسی ایک کی بائیو میٹرک تصدیق کی جائے گی۔
اس کے بعد درخواست گزار کے کوائف کمپیوٹرائزڈ نظام میں درج کیے جائیں گے، انگلیوں کے نشانات، آنکھوں کے آئرس اور تصویر کا اندراج کیا جائے گا۔
درخواست گزار کو تمام معلومات اسکرین پر چیک کرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی تاکہ کسی غلطی کی صورت میں اسے فوری درست کرایا جاسکے۔
انٹرویو اور کوائف کی تصدیق
کوائف کے اندراج اور تصدیق کے بعد درخواست گزار کو نادرا دفتر کے انچارج کے پاس بھیجا جائے گا، جہاں شناخت اور دیگر معلومات کی تصدیق کے لیے چند سوالات کیے جائیں گے۔
اگر درخواست گزار سماعت سے محروم ہو یا کسی ذہنی عارضے کے باعث انٹرویو دینے سے قاصر ہو تو اس کے والدین یا بہن بھائیوں سے تصدیقی سوالات کیے جائیں گے۔
پہلی مرتبہ درخواست دینے کی صورت میں والدین یا بہن بھائیوں میں سے کسی ایک کی بائیو میٹرک تصدیق بھی ضروری ہوگی۔
پہلی مرتبہ شناختی کارڈ مفت جاری ہوگا
نادرا کے طریقہ کار کے مطابق پہلی بار معذوری کے نشان والا قومی شناختی کارڈ بنوانے پر کوئی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔
درخواست کی منظوری کے بعد درخواست گزار کے فراہم کردہ موبائل نمبر پر تصدیقی پیغام موصول ہوگا۔
شناختی کارڈ کب اور کہاں سے ملے گا؟
نادرا کے مطابق منظوری کا پیغام موصول ہونے کے سات دن بعد درخواست گزار اسی نادرا رجسٹریشن سینٹر سے اپنا شناختی کارڈ وصول کرسکے گا جہاں درخواست جمع کرائی گئی تھی۔
اس طرح خصوصی افراد کو معذوری کے نشان والا قومی شناختی کارڈ حاصل کرنے کے لیے دستاویزات کے نمبروں، متعلقہ سرٹیفکیٹ اور ضروری بائیو میٹرک تصدیق کے ذریعے درخواست مکمل کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
