سکیورٹی فورسز نے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے ہرماز میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (IBO) کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ، دھماکا خیز مواد اور 18 دیسی ساختہ بارودی آلات (IEDs) برآمد کرلیے۔
فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق 29 نومبر کو دوپہر 2 بج کر 30 منٹ سے شام 5 بج کر 45 منٹ تک قابلِ اعتماد خفیہ اطلاع کی بنیاد پر گاؤں ہرماز میں آپریشن کیا گیا۔ یہ اطلاع ایک مشتبہ شخص نعمان یاسر ولد شاہد الحق کے ذریعے فراہم کی گئی تھی۔
آپریشن میں کیا کچھ برآمد ہوا؟
کارروائی کے دوران برآمد ہونے والے اسلحے اور مواد میں ایک خودکش جیکٹ، ایک زرکئی ہیوی مشین گن بمعہ 300 راؤنڈز، ایک آر پی جی سیون بمعہ 12 راکٹ، 25 کلوگرام دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد اور 30 کلوگرام آتش گیر دھماکا خیز مواد شامل ہے۔اس کے علاوہ ایک خراب شدہ آر ٹی کے 300 اور ایک خراب شدہ ماویک 3 ٹی ڈرون بھی برآمد کیا گیا۔
سکیورٹی فورسز نے 18 آئی ای ڈیز، ایس ایم جی کے 20 میگزین، تین دستی بم، 12 یو بی جی ایل راؤنڈز، ایس ایم جی کے 350 راؤنڈز اور دیگر مختلف اقسام کے دھماکا خیز راؤنڈز بھی قبضے میں لے لیے۔مزید برآں 60 ایم ایم اور 81 ایم ایم مارٹر کے ایک ایک راؤنڈ کی بھی برآمدگی ہوئی۔
بارودی مواد ناکارہ بنانے کے لیے کلیئرنس آپریشن
برآمدگی کے دوران 654 ای او ڈی ٹیم نے کلیئرنس آپریشن بھی کیا۔ رپورٹ کے مطابق برآمد ہونے والے آئی ای ڈیز اور دھماکا خیز مواد کو اگلے روز دھماکے سے تلف کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے،آپریشن میں 16 ایس آر، 38 ایف ایف اور 54 آئی آئی بی جی کے دستوں نے حصہ لیا، جبکہ قیادت 207 ایس ایس اور بی آئی سی ای کے پاس تھی۔
