ملک بھر میں گرمی کی شدت میں اضافے کے پیش نظر مختلف وفاقی اور صوبائی تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد میں وفاقی نظام کے تحت چلنے والے ماڈل اسکولز، کالجز اور دیگر تعلیمی اداروں میں تعطیلات کا آغاز 25 مئی سے ہو گا، جو 31 جولائی تک جاری رہیں گی۔
اس حوالے سے متعلقہ حکام کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے،نوٹیفکیشن کے مطابق یہ تعلیمی ادارے 3 اگست 2026 کو دوبارہ کھولے جائیں گے۔
دوسری جانب صوبہ سندھ کے محکمہ تعلیم کے مطابق اسکولوں میں موسم گرما کی تعطیلات یکم جون سے 31 جولائی تک ہوں گی، یہ فیصلہ تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں پر لاگو ہوگا تاکہ طلبہ کو شدید گرمی سے محفوظ رکھا جا سکے۔
اسی طرح بلوچستان کے محکمہ تعلیم نے بھی تمام تعلیمی اداروں کے لیے گرمیوں کی چھٹیوں کا شیڈول جاری کر دیا ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق گرم علاقوں میں واقع تمام اسکولز اور کالجز 23 مئی سے بند رہیں گے اور یہ تعطیلات 31 جولائی تک جاری رہیں گی۔
بلوچستان کے تعلیمی اداروں کے سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ چھٹیوں پر جانے سے قبل تمام دفتری ریکارڈ اور انتظامی امور مکمل کریں تاکہ اداروں کی بندش کے دوران کسی قسم کی انتظامی مشکلات پیش نہ آئیں۔
موسم گرما کی تعطیلات کا مقصد طلبہ اور اساتذہ کو شدید گرمی کے اثرات سے محفوظ رکھنا ہے، جبکہ اس دوران تعلیمی اداروں میں ضروری انتظامی کام بھی مکمل کیے جاتے ہیں۔