وزیراعلیٰ سیاسی تماشے میں مصروف،ٹانک میں دہشتگردوں کا وار،ڈی جی الیکشن کمیشن شمشاد اختر شہید

وزیراعلیٰ سیاسی تماشے میں مصروف،ٹانک میں دہشتگردوں کا وار،ڈی جی الیکشن کمیشن شمشاد اختر شہید

خیبرپختونخوا میں ایک طرف وزیراعلیٰ سہیل آفریدی لانگ مارچ پر نکلے ہوئے ہیں تو دوسری جانب صوبے میں دہشتگردی کے واقعات میں سرکاری افسران اور اہلکاروں کی جانیں جا رہی ہیں۔ ضلع ٹانک میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل شمشاد اختر شہید ہوگئے۔ واقعے پر الیکشن کمیشن کے اعلیٰ حکام اور ملازمین نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ٹانک میں افسوسناک واقعہ

الیکشن کمیشن کے ڈائریکٹر جنرل شمشاد اختر ضلع ٹانک میں دہشتگردی کی کارروائی کے دوران نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے شہید ہوگئے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق مرحوم نہایت دیانت دار، شریف النفس اور فرض شناس افسر تھے، جبکہ ان کی کسی سے ذاتی دشمنی نہیں تھی۔ بیان میں واقعے کو ٹارگٹ کلنگ قرار دیا گیا ہے۔

فرض شناس افسر کی شہادت

الیکشن کمیشن کے مطابق شہید شمشاد خان اپنے ساتھیوں اور رفقائے کار میں انتہائی عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے۔ ان کی شہادت سے ادارے کے ملازمین میں گہرے دکھ اور افسوس کی لہر دوڑ گئی۔

یہ بھی پڑھیں :دہشتگردی پر زیرو ٹالرنس،فل اسٹاپ لگانے کا وقت آگیا، گورنرخیبرپختونخوا

الیکشن کمیشن کا اظہارِ افسوس

چیف الیکشن کمشنر، ارکانِ الیکشن کمیشن، سیکرٹری اور تمام ملازمین نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہید کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کی۔ انہوں نے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں پورا الیکشن کمیشن سوگوار خاندان کے ساتھ کھڑا ہے،الیکشن کمیشن کے حکام نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔

سرکاری ملازمین کے تحفظ کا مطالبہ

الیکشن کمیشن اور اس کے تمام ملازمین نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری ملازمین کو دہشتگردی کے واقعات سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

لانگ مارچ اور امن و امان پر سوالات

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی لانگ مارچ میں مصروفیت کے دوران خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کے واقعات صوبے کی امن و امان کی صورتحال پر سوالات اٹھا رہے ہیں۔ ایسے حالات میں سرکاری ملازمین کے تحفظ، دہشتگردی کے خاتمے اور عوام کے جان و مال کی حفاظت کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت مزید اہم ہوگئی ہے۔

editor

Related Articles