صدر مملکت آصف علی زرداری کی زیر صدارت ایوانِ صدر میں خیبرپختونخوا کی سکیورٹی صورتحال پر ہونے والے اہم اجلاس میں صوبے میں امن و امان کی بہتری اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
اجلاس میں واضح کیا گیا کہ ملک اور صوبے میں امن خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی اور سکیورٹی کے معاملات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا،اجلاس میں خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے مزید مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
صدر مملکت اور وزیراعظم نے اس مؤقف پر اتفاق کیا کہ امن و سلامتی یقینی بنانے کے لیے کیے جانے والے فیصلوں پر سختی سے عمل درآمد کرانا ضروری ہے،خیبرپختونخوا کی صورتحال کے پیش نظر وفاقی کابینہ کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔
اجلاس میں آئین کے آرٹیکل 232 اور 234 کے تحت منظوری حاصل کرنے کے معاملے پر غور کیا جائے گا، ان آئینی شقوں کا تعلق ہنگامی حالات اور بعض مخصوص حالات میں وفاقی اقدامات سے ہے۔
اجلاس کے شرکاء کو خیبرپختونخوا میں امن و امان، دہشت گردی کے واقعات اور سکیورٹی سے متعلق مسائل پر بریفنگ دی گئی، اس دوران صوبے میں پولیس کے نظام اور سکیورٹی معاملات کو درپیش مشکلات کا بھی جائزہ لیا گیا،بریفنگ میں بتایا گیا کہ پولیس ایکٹ 2026 پر نظرثانی نہ ہونے کے باعث مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ پولیس اور سکیورٹی کے معاملات میں سیاسی مداخلت بھی بڑھ رہی ہے۔
اجلاس میں دہشت گرد گروہوں کی سرگرمیوں کو روکنے اور ان کے محفوظ ٹھکانوں کے خلاف بروقت کارروائی کی ضرورت پر زور دیا گیا، بریفنگ کے دوران یہ مؤقف بھی سامنے آیا کہ صوبے میں دہشت گردوں کی نقل و حرکت اور کارروائیوں کی روک تھام کے لیے مطلوبہ اقدامات نہیں کیے جا رہے،اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا حکومت اور وفاق کے درمیان تعاون کی کمی سکیورٹی معاملات کو متاثر کر رہی ہے۔
شرکاء کو نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کی صورتحال سے بھی آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ میں کہا گیا کہ اس منصوبے پر مؤثر طریقے سے عمل نہیں ہو رہا، حالانکہ دہشت گردی کے خاتمے اور ملک میں امن قائم کرنے کے لیے اس پر عمل درآمد اہم ہے۔
اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ خیبرپختونخوا کی موجودہ سکیورٹی صورتحال کو سیاسی اختلافات کی نذر نہیں ہونے دیا جا سکتا، شرکاء کے مطابق صوبے کو سنگین سکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے، جن سے نمٹنے کے لیے مربوط حکمت عملی اور فیصلوں پر مؤثر عمل درآمد ضروری ہے۔
اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ملک اور صوبے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے اور دہشت گردی کے خلاف ریاستی مؤقف پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
