دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ پر ایک ہی دن میں 274 کوہ پیماؤں نے کامیابی کے ساتھ چوٹی سر کر کے نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق چین کی جانب سے متبادل راستہ عارضی طور پر بند ہونے کے باعث تمام کوہ پیما نیپال کے راستے سے ماؤنٹ ایورسٹ کی چوٹی تک پہنچے۔
اس صورتحال کے بعد نیپال میں کوہ پیمائی کے قوانین مزید سخت کر دیے گئے ہیں جبکہ فیسوں میں اضافے کا بھی اعلان کیا گیا ہے، اس سے قبل 2019 میں ایک ہی دن میں 223 کوہ پیماؤں نے ایورسٹ سر کیا تھا، تاہم اس بار یہ تعداد بڑھ کر 274 تک پہنچ گئی۔
پاکستان کے کوہ پیما سلمان عتیق نے بھی اس مہم میں حصہ لیتے ہوئے دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کر لی، انہوں نے چوٹی پر پاکستان کا سبز ہلالی پرچم لہرا کر قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔
نیپال حکومت کی جانب سے اس سال جاری کردہ 464 اجازت ناموں میں سلمان عتیق واحد پاکستانی کوہ پیما تھے جنہوں نے اس مہم میں کامیابی حاصل کی، وہ آج صبح11 بج کر49 منٹ پر ماؤنٹ ایورسٹ کی چوٹی پر پہنچے، اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے سلمان عتیق اب تک ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والے14ویں پاکستانی کوہ پیما بن گئے ہیں۔
ماؤنٹ ایورسٹ کی بلندی8 ہزار 848 میٹر ہے اور اسے دنیا کی سب سے بلند چوٹی ہونے کا اعزاز حاصل ہے، سلمان عتیق اس سے قبل گزشتہ سال نیپال میں واقع ماسلو کی چوٹی بھی سر کر چکے ہیں، جس کے بعد ان کا شمار تجربہ کار کوہ پیماؤں میں کیا جاتا ہے۔
اس کامیابی کو پاکستان کے لیے ایک بڑی کھیلوں کی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے اور کوہ پیمائی کے حلقوں میں اسے ایک اہم سنگ میل سمجھا جا رہا ہے۔