6 برطانوی بادشاہوں کا دور دیکھنے والی دنیا کی 117 برس کی خاتون کی لمبی عمر کا راز کیا ہے

6 برطانوی بادشاہوں کا دور دیکھنے والی دنیا کی 117 برس کی خاتون کی لمبی عمر کا راز کیا ہے

دنیا کی معمر ترین شخصیت کا اعزاز رکھنے والی برطانوی خاتون ایتھل کیٹرہم 21 اگست کو اپنی 117ویں سالگرہ منا رہی ہیں۔

ایتھل کیٹرہم اس وقت برطانوی علاقے سرے کے ایک کیئر ہوم میں مقیم ہیں۔ گزشتہ ایک برس کے دوران ان کی زندگی میں کئی ایسے لمحات آئے جو ان کے لیے پہلی بار تھے، جن میں برطانوی بادشاہ سے ملاقات بھی شامل ہے۔ ایتھل کیٹرہم 21 اگست 1909 کو جنوبی انگلینڈ کے گاؤں شپٹن بیلنگر میں پیدا ہوئیں۔ وہ 8 بہن بھائیوں میں ساتویں نمبر پر تھیں اور بچپن سے ہی سفر کرنے کا شوق رکھتی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں:صحرا میں موجود اس عجیب سبز چیز کا راز کیا ہے؟

18 برس کی عمر میں 1927 میں انہوں نے برصغیر کا سفر کیا، جہاں ایک برطانوی خاندان کے ساتھ تقریباً 3 سال کام کرنے کے بعد واپس انگلینڈ چلی گئیں۔ 1931 میں ان کی ملاقات نورمن سے ہوئی، جو برطانوی فوج میں خدمات انجام دے رہے تھے۔ نورمن کی تعیناتی ہانگ کانگ اور جبرالٹر میں بھی رہی۔ دونوں نے شادی کی اور ان کی دو بیٹیاں ہوئیں۔

ایتھل نے اپنی طویل زندگی میں اپنے شوہر اور دونوں بیٹیوں کو کھو دیا، تاہم آج بھی ان کا خاندان ان کے ساتھ ہے، جس میں 3 نواسے اور 5 پڑپوتے شامل ہیں۔

6 برطانوی بادشاہوں کا دور دیکھا

ایتھل کیٹرہم نے اپنی زندگی کے دوران برطانوی تخت پر 6 بادشاہوں کو دیکھا۔ وہ برطانوی بادشاہ ایڈورڈ ہفتم کے دور کی آخری زندہ شخصیت بھی سمجھی جاتی ہیں۔ ایڈورڈ ہفتم نے 1901 سے 1910 تک برطانیہ پر حکومت کی۔ ستمبر 2025 میں ایتھل کیٹرہم کی برطانوی بادشاہ سے ملاقات بھی ہوئی، جو ان کی زندگی کے یادگار لمحات میں شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سیاہ ریت، عجیب چٹانیں اور خطرناک لہریں، آئس لینڈ کا یہ ساحل اتنا منفرد کیوں ہے؟

117 سالہ زندگی کا راز کیا ہے؟

اتنی طویل عمر پانے کے راز کے بارے میں ایتھل کیٹرہم کا جواب بھی خاصا دلچسپ ہے۔ ان کے مطابق انہوں نے کبھی کسی سے بحث نہیں کی۔ وہ سب کی بات سنتی ہیں، لیکن آخر میں وہی کرتی ہیں جو خود کرنا چاہتی ہیں۔ شاید یہی سادہ سا اصول ان کی نظر میں طویل اور پُرسکون زندگی کا راز ہے۔

editor

Related Articles