حکومت کی جانب سے عید الاضحیٰ کے موقع پر ملک بھر کے پاسپورٹ دفاتر تین دن کیلئے بند رکھنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق یہ تعطیلات 26 مئی سے 28 مئی 2026 تک ہوں گی جس کے دوران پاسپورٹ سے متعلق تمام خدمات معطل رہیں گی۔
سرکاری اعلان کے مطابق ملک بھر کے تمام پاسپورٹ دفاتر 26 مئی سے 28 مئی 2026 تک بند رہیں گے، جبکہ یہ بندش منگل سے جمعرات تک نافذ رہے گی۔ اسی طرح 24 گھنٹے کام کرنے والے خصوصی مراکز بھی 25 اور 26 مئی کی درمیانی شب 12 بجے سے 29 مئی کی صبح 8 بجے تک بند رہیں گے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ اس دوران شہریوں کو پاسپورٹ سے متعلق سہولتیں صرف آن لائن پورٹل کے ذریعے فراہم کی جائیں گی تاکہ ضروری درخواستوں اور خدمات کا سلسلہ جزوی طور پر جاری رکھا جا سکے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں عید الاضحیٰ 27 مئی بروز بدھ کو منائی جائے گی جس کے پیش نظر وفاقی حکومت نے تین روزہ سرکاری تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔ انہی تعطیلات کے باعث پاسپورٹ دفاتر بھی عارضی طور پر بند رہیں گے۔
پاسپورٹ دفاتر کی بندش کے دوران شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دفاتر کا رخ نہ کریں اور اپنی درخواستوں کے لیے آن لائن سہولت سے استفادہ کریں۔
یاد رہے کہ پاکستانی پاسپورٹ وزارت داخلہ کے ذیلی ادارے ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کی جانب سے جاری کیا جاتا ہے جو شہریوں کو بین الاقوامی سفر کے لیے شناخت اور اجازت نامے کے طور پر استعمال ہوتا ہے۔