سابق صوبائی وزیر شوکت علی یوسفزئی کو پی ٹی آئی میں بڑا عہدہ مل گیا

سابق صوبائی وزیر شوکت علی یوسفزئی کو پی ٹی آئی میں بڑا عہدہ مل گیا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خیبر پختونخوا نے پارٹی تنظیمی ڈھانچے میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے سابق صوبائی وزیر شوکت علی یوسفزئی کو صوبائی سیکرٹری اطلاعات مقرر کر دیا ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ صوبائی صدر جنید اکبر خان کی ہدایت پر کیا گیا جبکہ اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن صوبائی جنرل سیکرٹری علی اصغر خان کے دستخط سے جاری کر دیا گیا ہے۔

پارٹی اعلامیے کے مطابق یہ تقرری سابق صوبائی سیکرٹری اطلاعات ملک عادل اقبال کی بطور معاونِ خصوصی وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا تقرری اور تنظیمی عہدے سے علیحدگی کے بعد عمل میں لائی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی میں گروپنگ،اندرونی اختلافات شدت اختیار کر گئے،قیادت کا ایکشن، 6 رکنی جائزہ کمیٹی بنا دی

سیاسی مبصرین کے مطابق شوکت علی یوسفزئی کو ایسے وقت میں پارٹی کا ترجمان مقرر کیا گیا ہے جب خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کو اندرونی اختلافات، ناراض اراکین اور حکومتی و تنظیمی معاملات پر بڑھتی ہوئی تنقید کا سامنا ہے۔ حالیہ دنوں پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں متعدد اراکین کی عدم شرکت نے بھی پارٹی قیادت کو نئی حکمت عملی اپنانے پر مجبور کیا ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ شوکت علی یوسفزئی کو میڈیا اور سیاسی امور کا وسیع تجربہ حاصل ہے، اور ان کی تقرری کا مقصد پارٹی مؤقف کو مؤثر انداز میں پیش کرنا اور اندرونی و بیرونی سیاسی چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہو سکتا ہے۔

editor

Related Articles