وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے اپنی کرسی بچانے اور علی امین گنڈاپور سے جان چھڑانے کے لیے احتجاج کی کال دی ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ الحمدللہ وفاق کو کوئی خطرہ نہیں، احتجاج کی کالیں اور شور شرابا پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا معاملہ ہے۔ ان کے مطابق پی ٹی آئی میں ہر شخص اپنی بقا اور مفادات کی جنگ لڑ رہا ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ پی ٹی آئی میں چند سیاسی لوگ ہیں، جبکہ باقی سب مار دھاڑ کرنے والے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ خود ہی ایک دوسرے کے لیے کافی ہیں اور حکومت کو کچھ کہنے کی ضرورت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے اپنی کرسی بچانے کے لیے احتجاج کی کال دی ہے۔ خواجہ آصف کے مطابق یہ کال علی امین گنڈاپور سے جان چھڑانے کے لیے دی گئی ہے۔
وزیر دفاع نے 27 ستمبر کے احتجاج کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ پی ٹی آئی کے اندرونی اختلافات اور آپس کی جنگ ہے، اس احتجاج کا حکومت کے خلاف ہونا ضروری نہیں۔
خواجہ آصف نے شرجیل میمن کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ جو کچھ کہتے رہیں، وہ اس پر کوئی ردعمل نہیں دیں گے۔