خیبرپختونخوا میں نئی گورنر راج حکومت کی سخت پالیسیوں اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس اقدامات کے اثرات سامنے آنے لگے ہیں۔ صوبے کے قدرتی وسائل پر غیر قانونی قبضے اور معدنی ذخائر کی لوٹ مار میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیوں کا دائرہ وسیع کردیا گیا ہے۔ ضلع کوہاٹ میں غیر قانونی پلیسر گولڈ مائننگ کے خلاف بڑے گرینڈ آپریشن کے دوران تقریباً 94 کلومیٹر کا علاقہ غیر قانونی کان کنی کی سرگرمیوں سے پاک کرالیا گیا ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق نئی گورنر راج حکومت کی جانب سے غیر قانونی مائننگ اور قدرتی وسائل پر مافیا کے تسلط کے خاتمے کے لیے اختیار کی گئی سخت پالیسی کے تحت ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں نے مشترکہ کارروائی کی۔ آپریشن کے دوران غیر قانونی پلیسر گولڈ مائننگ میں استعمال ہونے والی سپلائی لائنز بھی منقطع کردی گئیں، جبکہ مائننگ میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ طویل عرصے سے غیر قانونی سرگرمیوں کے ذریعے صوبے کے قیمتی معدنی وسائل سے فائدہ اٹھانے والے عناصر کے خلاف اب عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ نئی حکومت کی سخت پالیسیوں کے تحت معدنی وسائل کو مافیا کے چنگل سے نکال کر قانونی نظام کے تحت لانے کی کوششیں تیز کردی گئی ہیں، جس کے نتائج کوہاٹ میں ہونے والے آپریشن کی صورت میں سامنے آ رہے ہیں۔
حکومتی ذرائع کے مطابق 94 کلومیٹر کے علاقے کو غیر قانونی مائننگ سے پاک کرانا کارروائیوں کا ابتدائی مرحلہ ہے، کوہاٹ سے غیر قانونی پلیسر گولڈ مائننگ کے مکمل خاتمے تک گرینڈ آپریشن جاری رہے گا۔ آپریشن کے بعد کلیئر کرائے گئے علاقوں کی نگرانی بھی کی جائے گی تاکہ غیر قانونی عناصر دوبارہ اپنے نیٹ ورک اور سرگرمیاں بحال نہ کرسکیں۔
نئی گورنر راج حکومت کی ترجیحات میں صوبے کے قدرتی وسائل کا تحفظ، معدنی ذخائر کی قانونی طریقے سے تلاش و استعمال اور غیر قانونی کان کنی کے ذریعے قومی و صوبائی خزانے کو نقصان پہنچانے والے عناصر کا خاتمہ شامل ہے۔ حکومت کی سخت پالیسی کے تحت ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو غیر قانونی مائننگ کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق کوہاٹ میں کارروائی اس حکمت عملی کا حصہ ہے جس کے تحت صوبے کے قدرتی وسائل کو غیر قانونی قبضوں اور مافیا کے اثر و رسوخ سے نکال کر ریاستی نگرانی اور قانونی نظام کے تحت لانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ نئی حکومت کے سخت اقدامات کے باعث معدنی وسائل پر غیر قانونی تسلط ختم کرنے اور صوبے کے قیمتی اثاثوں کو تحفظ فراہم کرنے کی کوششوں میں تیزی آئی ہے۔