طالبان رجیم کی انتہاپسندی لے ڈوبی، آسٹریلیا، انگلینڈ کے بعد اسکاٹ لینڈ کا بھی افغانستان کے ساتھ کرکٹ تعلقات ختم کرنے کا اعلان

طالبان رجیم کی انتہاپسندی لے ڈوبی، آسٹریلیا، انگلینڈ کے بعد اسکاٹ لینڈ کا بھی افغانستان کے ساتھ کرکٹ تعلقات ختم کرنے کا اعلان

کرکٹ اسکاٹ لینڈ نے طالبان حکومت کے تحت خواتین کے حقوق کی صورتحال کو جواز بناتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ایونٹس کے علاوہ افغانستان سے دوطرفہ کرکٹ تعلقات معطل کر دیے ہیں۔

کرکٹ اسکاٹ لینڈ کی جانب سے پیر کو ایک باضابطہ بیان جاری کیا گیا ہے جس کے تحت اعلان کیا گیا ہے کہ طالبان رجیم کے تحت خواتین اور لڑکیوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک اور انسانی حقوق کے خدشات پر افغانستان کے خلاف کسی دوطرفہ سیریز کا انعقاد نہیں کرے گا۔

اسکاٹ لینڈ کا یہ فیصلہ کرکٹ آسٹریلیا اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے انہی طرز کے سخت فیصلوں سے مکمل طور پر مطابقت رکھتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:افغان کرکٹ ٹیم کے ون ڈے کپتان حشمت اللہ شاہدی نے قیادت سے استعفیٰ دیدیا

کرکٹ اسکاٹ لینڈ نے واضح کیا کہ اس پالیسی کا جائزہ ہر سال کے اختتام پر، یا آئی سی سی کے کسی اہم فیصلے اور حالات میں نمایاں تبدیلی کی صورت میں دوبارہ لیا جائے گا۔

ادارے نے مزید کہا کہ یہ قدم خواتین اور لڑکیوں کے کھیل میں شمولیت کو فروغ دینے اور افغانستان کی موجودہ انسانی صورتحال کے پیشِ نظر اٹھایا گیا ہے۔

درخواستوں کا استرداد اور این او سی پالیسی

کرکٹ اسکاٹ لینڈ نے انکشاف کیا کہ افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) نے جولائی 2024 میں آئرلینڈ کے خلاف اپنے مردوں کی سیریز سے قبل اسکاٹ لینڈ میں تربیتی سہولیات کی درخواست کی تھی۔

اس کے علاوہ ستمبر میں ’ٹی 20 افغانستان پریمیئر لیگ‘ کے سلسلے میں بھی اسکاٹ لینڈ کی گراؤنڈز استعمال کرنے کی درخواست کی گئی تھی، جنہیں موجودہ پالیسی کے تحت معطل رکھا گیا۔

دوسری جانب کھلاڑیوں سے معاہدوں کی پاسداری کے حوالے سے بورڈ نے کہا کہ اگر آئی سی سی افغان لیگ کو باضابطہ منظوری دیتی ہے تو اسکاٹ لینڈ اپنے کھلاڑیوں کو عدم اعتراض کا سرٹیفکیٹ (این او سی) جاری کرنے پر غور کرے گا۔

تاہم سرٹیفکیٹ کے اجرا کا مطلب ہرگز یہ نہیں لیا جائے گا کہ کرکٹ اسکاٹ لینڈ افغان حکومت یا اس کی پالیسیوں کی حمایت کر رہا ہے۔

طالبان کا مؤقف

سال 2021 میں طالبان کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد سے افغانستان میں خواتین کے کھیلوں، بشمول خواتین کرکٹ پر عملی طور پر مکمل پابندی عائد کی جا چکی ہے، جبکہ ان کی تعلیم اور روزگار کے مواقع بھی محدود کر دیے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں:نیوزی لینڈ کے خلاف نازیبا الفاظ، کپتان افغان کرکٹ ٹیم راشد خان ایک بار پھر تنازع کی زد میں

طالبان حکام کا مؤقف ہے کہ وہ اسلامی قوانین اور مقامی روایات کے مطابق خواتین کے حقوق کا احترام کرتے ہیں اور یہ ان کے اندرونی معاملے کو مقامی سطح پر حل کیا جانا چاہیے۔

یاد رہے کہ آئی سی سی نے 2017 میں افغانستان کو مکمل رکنیت (فل ممبرشپ) دی تھی، جبکہ اسکاٹ لینڈ اور افغانستان کا آخری بار 2021 کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں آمنا سامنا ہوا تھا۔ عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز نے اس فیصلے پر ردِعمل کے لیے افغانستان کرکٹ بورڈ سے رابطہ کیا ہے۔

کھیل میں سیاست اور بین الاقوامی دباؤ

کرکٹ اسکاٹ لینڈ کا یہ اقدام اس بین الاقوامی دباؤ کا تسلسل ہے جس کا مقصد طالبان پر انسانی حقوق کی پاسداری کے لیے سفارتی و کھیلوں کی سطح پر اثر انداز ہونا ہے۔

اگرچہ آئی سی سی تمام ممالک کو یکساں مواقع دینے کے لیے غیر جانبدارانہ مؤقف اپناتی ہے، لیکن برطانیہ اور آسٹریلیا جیسے یورپی و مغربی ممالک کی کرکٹ باڈیز کا یہ بائیکاٹ افغانستان کرکٹ بورڈ کے لیے سفارتی محاذ پر بڑا دھچکا ہے۔

مردانہ کرکٹ پر اس طرح کے بائیکاٹ سے افغان کھلاڑیوں کے بین الاقوامی تجربے اور لیگز کی میزبانی کو محدود ہونے کا خدشہ ہے، جس کے اثرات مستقبل میں افغانستان کے کرکٹ سٹرکچر پر مرتب ہو سکتے ہیں۔

Related Articles