جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے صوبائی امیر اور سینیٹر مولانا عطا الرحمان سے تجاوزات کی بنیاد پر قائم کی گئی مساجد میں نماز کی شرعی حیثیت کے حوالے سے سوال کیا گیا تو انہوں نے خود فتویٰ دینے کے بجائے کسی مستند مفتی سے رجوع کرنے کا مشورہ دے دیا۔
صحافی نے مولانا عطا الرحمان سے سوال کیا کہ تجاوزات کرکے قائم کی گئی مساجد میں نماز ادا کرنا شرعاً درست ہے اور ایسی مساجد میں پڑھی جانے والی نماز قبول ہوجاتی ہے یا نہیں؟ اس پر مولانا عطا الرحمان نے کہا کہ وہ فتویٰ دینے کے مجاز نہیں ہیں، اس لیے اس معاملے میں کسی مستند مفتی سے شرعی رہنمائی حاصل کی جائے۔
اس موقع پر صحافی نے جے یو آئی کے مرکزی دفتر کو نوٹس موصول ہونے یا نہ ہونے کے حوالے سے بھی سوال کیا، تاہم مولانا عطا الرحمان نے براہ راست جواب دینے کے بجائے کہا کہ جس صحافی نے خبر دی ہے، وہی اس کا جواب دے۔
سوال و جواب کے دوران مولانا عطا الرحمان براہ راست وضاحت دینے کے بجائے بار بار متعلقہ صحافی کی جانب اشارہ کرتے رہے، جس کے باعث دونوں سوالات پر ان کا مؤقف واضح طور پر سامنے نہ آسکا۔
تجاوزات پر قائم مساجد اور مدارس کی شرعی حیثیت سے متعلق سوال اور جے یو آئی مرکز کو نوٹس ملنے کے معاملے پر مولانا عطا الرحمان کے جوابات صحافیوں کی توجہ کا مرکز بن گئے۔
