بھارت میں ایک لڑکی نے مسلسل 60 روز تک نیند کے مقابلے میں حصہ لے کر لاکھوں روپے کا انعام جیت لیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس مقابلے میں کامیابی کے لیے صرف سونا ہی کافی نہیں تھا بلکہ شرکاء کو مختلف دلچسپ چیلنجز بھی پورے کرنا تھے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گھریلو اشیا بنانے والی کمپنی ویک فٹ کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے اس مقابلے کے لیے پورے بھارت سے 2 لاکھ سے زائد افراد نے درخواستیں جمع کروائیں۔ مختلف مراحل اور انٹرویوز کے بعد صرف 10 امیدواروں کو منتخب کیا گیا۔
مقابلے میں شرکاء کو باقاعدگی سے سونے، نیند کا مقررہ معمول برقرار رکھنے اور ہفتہ وار سرگرمیوں میں حصہ لینے کی ذمہ داری دی گئی۔ ان کی روزانہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا جاتا اور اسی بنیاد پر نمبر اور درجہ بندی مقرر کی جاتی تھی۔
مقابلے کے دوران شرکاء کو فلموں کے مشہور مناظر نیند کے انداز میں دوبارہ پیش کرنے، ایک ہفتے کی نیند کی عادات کا جائزہ لینے اور گفتگو میں کسی کو بتائے بغیر 10 مرتبہ ’کمبل‘ یا ’تکیے‘ کے الفاظ استعمال کرنے جیسے دلچسپ چیلنجز بھی دیے گئے۔
بہترین کارکردگی دکھانے والے امیدوار کو ہر ہفتے ’بہترین سلیپر‘ قرار دیا جاتا تھا۔ فائنل مرحلے میں امیدواروں کو 2 بڑے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا۔ آخری مرحلے میں تمام شرکاء نے اپنی پسند کے مطابق تیار کیے گئے ماحول میں ایک رات گزاری، جس کے بعد نیند کے اسکور کی بنیاد پر فاتح کا انتخاب کیا گیا۔
یوں جینیا چیٹرجی بھارت کی نیند کی چیمپئن بن گئیں۔ انہیں 9 لاکھ 63 ہزار 400 بھارتی روپے نقد انعام کے علاوہ کمپنی کی جانب سے سیاحتی دورے کا ٹکٹ بھی دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق یہ مقابلہ پہلی مرتبہ 2019 میں شروع کیا گیا تھا۔ ابتدائی 4 سیزنز میں 10 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں جبکہ 65 شرکاء کو فی کس ایک لاکھ بھارتی روپے بھی دیے جا چکے ہیں۔