گوادر پورٹ پر ٹرانسشپمنٹ سرگرمیوں کا دائرہ مزید وسیع ہوگیا، پاناما کے پرچم بردار بحری جہاز کی کامیاب برتھنگ کے بعد 26 ہزار 321 میٹرک ٹن سے زائد کارگو کی ان لوڈنگ شروع کردی گئی ہے، جسے بعد ازاں دوسرے بحری جہاز کے ذریعے متحدہ عرب امارات کی بندرگاہ فجیرہ منتقل کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاناما کے پرچم بردار بحری جہاز ایم وی گریٹ وین تاؤ متحدہ عرب امارات کی بندرگاہ فجیرہ کے لیے کارگو لے کر گوادر پہنچا، جہاں جہاز کی کامیاب برتھنگ کے بعد کارگو اتارنے کا عمل شروع کردیا گیا۔ منصوبے کے تحت کارگو کو گوادر پورٹ پر عارضی طور پر محفوظ رکھا جائے گا اور پھر دوسرے بحری جہاز کے ذریعے فجیرہ روانہ کیا جائے گا۔
چیئرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ نے کہا ہے کہ ٹرانسشپمنٹ سرگرمیوں کا تسلسل عالمی شپنگ کمپنیوں اور تجارتی حلقوں کے گوادر پورٹ پر بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے،ان کا کہنا تھا کہ گوادر پورٹ اپنی منفرد جغرافیائی اہمیت اور دستیاب آپریشنل سہولیات کی بدولت علاقائی اور بین الاقوامی بحری تجارت میں اہم کردار ادا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
نورالحق بلوچ کے مطابق ٹرانسشپمنٹ کارگو کی آمد سے شپنگ، لاجسٹکس اور کارگو ہینڈلنگ سمیت مختلف شعبوں میں نئے تجارتی مواقع پیدا ہوں گے۔ گوادر پورٹ کو علاقائی بحری تجارت اور لاجسٹکس کا اہم مرکز بنانے کے لیے اس کی آپریشنل صلاحیتوں میں مزید بہتری لائی جا رہی ہے۔
چیئرمین گوادر پورٹ نے مزید کہا کہ خلیجی خطے میں بحری تجارتی راستوں کو درپیش چیلنجز کے تناظر میں گوادر پورٹ پر ٹرانسشپمنٹ سرگرمیوں کی اہمیت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ مختلف ممالک کے بحری جہازوں کی آمد اور کارگو کی مسلسل ہینڈلنگ اس بندرگاہ کے علاقائی بحری تجارت میں بڑھتے ہوئے کردار کو ظاہر کرتی ہے۔
گوادر پورٹ پر ٹرانسشپمنٹ سرگرمیوں کا تسلسل پاکستان کے لیے بحری تجارت، کارگو کی منتقلی اور علاقائی لاجسٹکس کے شعبوں میں نئے امکانات پیدا کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
