یوٹیوب پر کمائی کے لیے اب زیادہ محنت کرنا ہوگی، مونیٹائزیشن قوانین سخت

یوٹیوب پر کمائی کے لیے اب زیادہ محنت کرنا ہوگی، مونیٹائزیشن قوانین سخت

دنیا کے معروف ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب نے کریئیٹرز کے لیے مونیٹائزیشن کے قوانین مزید سخت کرنے کا اعلان کردیا ہے، نئی شرائط کا اطلاق 2027 سے ہوگا۔

یوٹیوب کے مطابق نئے کریئیٹرز کو یوٹیوب پارٹنر پروگرام میں شامل ہونے اور اشتہارات سمیت یوٹیوب پریمیم سے آمدنی حاصل کرنے کے لیے پہلے کے مقابلے میں زیادہ واچ ٹائم یا شارٹس ویوز حاصل کرنا ہوں گے۔

نئے قواعد کے تحت کریئیٹرز کو گزشتہ 12 ماہ کے دوران کم از کم 8 ہزار اہل واچ آورز یا گزشتہ 90 دنوں میں 2 کروڑ اہل شارٹس ویوز حاصل کرنا ہوں گے۔ اس سے قبل یوٹیوب پارٹنر پروگرام میں شامل ہونے کے لیے کم از کم ایک ہزار سبسکرائبرز اور گزشتہ 12 ماہ کے دوران طویل ویڈیوز پر 4 ہزار گھنٹے کا واچ ٹائم درکار تھا۔

یہ بھی پڑھیں:20 سال بعد مائی اسپیس کی واپسی،کیا نئی نسل اسے اپنائے گی؟

یوٹیوب نے واضح کیا ہے کہ نئی شرائط صرف ان کریئیٹرز پر لاگو ہوں گی جو قواعد میں تبدیلی کے بعد پارٹنر پروگرام میں شمولیت کے لیے درخواست دیں گے۔ موجودہ ممبرز نئی تبدیلی سے متاثر نہیں ہوں گے۔ کمپنی کے مطابق نئے قوانین کا مقصد فعال کریئیٹرز کی حوصلہ افزائی کرنا اور پلیٹ فارم پر بڑھتی سرگرمیوں کے مطابق مونیٹائزیشن کے نظام کو بہتر بنانا ہے۔

یوٹیوب کے مطابق پلیٹ فارم پر روزانہ 200 ارب سے زائد شارٹس ویوز ریکارڈ کیے جارہے ہیں، جبکہ صارفین روزانہ ایک ارب گھنٹے سے زیادہ وقت ٹی وی اسکرین پر یوٹیوب دیکھنے میں صرف کرتے ہیں۔ یہ 2018 کے بعد یوٹیوب پارٹنر پروگرام کی اہلیت کے معیار میں ہونے والی پہلی بڑی تبدیلی قرار دی جارہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:دنیا کا پہلا کمپیوٹر وائرس کہاں بنا؟ جواب جان کر پاکستانی فخر کریں گے

نئے نظام کے تحت پارٹنر پروگرام میں شامل رہنے والے کریئیٹرز کو شارٹس سے مونیٹائزیشن برقرار رکھنے کے لیے 90 دن کے دوران ایک کروڑ ویوز کا ہدف حاصل کرنا ہوگا۔

اگر کسی کریئیٹر کے شارٹس ویوز مقررہ حد سے کم ہوجاتے ہیں تو اس کا پارٹنر پروگرام اکاؤنٹ ختم نہیں ہوگا اور وہ طویل ویڈیوز سے آمدنی حاصل کرتا رہے گا۔ تاہم شارٹس سے دوبارہ کمائی شروع کرنے کے لیے اسے 90 دن کے اندر مطلوبہ ویوز کی حد حاصل کرنا ہوگی۔

یوں یوٹیوب نے واضح کردیا ہے کہ مستقبل میں صرف سبسکرائبرز کی تعداد کافی نہیں ہوگی بلکہ کریئیٹرز کو مستقل بنیادوں پر معیاری اور زیادہ دیکھی جانے والی ویڈیوز بھی بنانا ہوں گی۔

editor

Related Articles