20 سال بعد لاکر کھولا تو اندر کچھ نہیں تھا، 50 لاکھ کا سونا کہاں گیا؟

20 سال بعد لاکر کھولا تو اندر کچھ نہیں تھا، 50 لاکھ کا سونا کہاں گیا؟

بھارت میں ایک خاتون اس وقت حیران رہ گئیں جب تقریباً 20 سال سے بینک لاکر میں محفوظ رکھا گیا 50 لاکھ روپے مالیت کا سونا اور چاندی کے زیورات اچانک غائب پائے گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اترپردیش کی رہائشی 55 سالہ رشمی اروڑہ نے اپنے شوہر کے ہمراہ 26 فروری 2003 کو اسٹیٹ بینک آف ٹراوانکور میں اکاؤنٹ کھولا تھا، جہاں انہیں لاکر نمبر 23 الاٹ کیا گیا۔

رشمی اروڑہ اور ان کے شوہر نے اس لاکر میں تقریباً 50 لاکھ روپے مالیت کے سونے اور چاندی کے زیورات رکھے تھے۔ شوہر کے انتقال کے بعد رشمی اروڑہ کانپور سے اپنی بیٹی اور داماد کے ساتھ رہنے کے لیے لکھنؤ منتقل ہوگئیں، جس کے باعث بینک آنا جانا بھی کم ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیں:اے آئی کے مشورے پر عمل کرنا کسان کو مہنگا پڑگیا، 25 ایکڑ فصل تباہ

خاتون کے مطابق انہیں یقین تھا کہ ان کے زیورات بینک لاکر میں محفوظ ہیں۔ تاہم تقریباً 4 ماہ قبل جب وہ اپنی چھوٹی بیٹی کے ہمراہ بینک پہنچیں تو انہیں بتایا گیا کہ اسٹیٹ بینک آف ٹراوانکور اب اسٹیٹ بینک آف انڈیا میں ضم ہوچکا ہے اور بینک کے موجودہ ریکارڈ میں ان کے نام پر کوئی لاکر موجود نہیں۔

رشمی اروڑہ متعلقہ دستاویزات لے کر دوبارہ بینک پہنچیں تو برانچ منیجر نے انہیں بتایا کہ لاکر کا کرایہ ان کے بینک اکاؤنٹ سے خودکار طور پر منہا ہوتا رہا، جس کے باعث اکاؤنٹ میں موجود رقم ختم ہوگئی اور بیلنس صفر ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیں:چین میں آٹے اور میدے سے فن پارے بنانے کی قدیم روایت آج بھی زندہ

21 جولائی کو خاتون نے اپنا اکاؤنٹ دوبارہ فعال کرنے کے لیے اس میں رقم منتقل کی، تاہم اس موقع پر وہ لاکر کی چابی ساتھ لانا بھول گئیں۔27 جولائی کو وہ دوبارہ بینک پہنچیں اور لاکر نمبر 23 کھولا گیا تو اندر موجود تمام زیورات غائب تھے۔

زیورات غائب ہونے پر رشمی اروڑہ نے بینک انتظامیہ اور متعلقہ عملے پر مبینہ طور پر زیورات ہڑپ کرنے کی سازش کا الزام عائد کرتے ہوئے پولیس میں شکایت درج کرادی۔

یہ بھی پڑھیں:دنیا کا سب سے بڑا پھول، اسے ’لاش کا پھول‘ کیوں کہا جاتا ہے؟

پولیس نے برانچ منیجر اور متعلقہ بینک ملازمین کے خلاف مقدمہ درج کرکے معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ اب تفتیش کے ذریعے یہ معلوم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے کہ دو دہائیوں سے زائد عرصے سے بینک لاکر میں موجود زیورات آخر کہاں گئے۔

editor

Related Articles