سرکاری ملازمین ہوشیار، پنشن کا نظام بدل گیا ،تفصیلات سامنے آگئیں

سرکاری ملازمین ہوشیار، پنشن کا نظام بدل گیا ،تفصیلات سامنے آگئیں

سرکاری ملازمین کے پنشن نظام میں بڑی تبدیلی کے بعد وفاقی حکومت نے ڈیفائنڈ کنٹری بیوشن پنشن فنڈ اسکیم 2024 پر عملی طور پر عملدرآمد شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اس سلسلے میں اسکیم کے قواعد جاری کرتے ہوئے تماموفاقی وزارتوں، ڈویژنز اور محکموں کو ضروری کارروائی مکمل کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

حکومت کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق تمام وزارتوں اور ڈویژنز کو ان ملازمین کی فہرستیں تیار کرنا ہوں گی جو نئی پنشن فنڈ اسکیم کے دائرہ کار میں آتے ہیں۔ متعلقہ اداروں کو ملازمین کا مکمل ڈیٹا اور ضروری اسناد اے جی پی آر کے ریکارڈ کے ساتھ 15 روز کے اندر اپ ڈیٹ کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

نئے نظام پر عملدرآمد کی نگرانی کے لیے ہر وزارت اور ڈویژن کو گریڈ 17 یا اس سے اوپر کے افسر کو فوکل پرسن مقرر کرنا ہوگا۔ فوکل پرسن پنشن فنڈ اسکیم سے متعلق تمام معاملات کی نگرانی، متعلقہ شعبوں کے ساتھ رابطہ اور مطلوبہ معلومات کی بروقت فراہمی یقینی بنائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:پیٹرول اور ڈیزل کی سپلائی خطرے میں پڑ گئی

حکومت نے وزارتوں اور ڈویژنز کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ نئی اسکیم پر عملدرآمد کے لیے ضروری افسران اور متعلقہ شعبوں کو نامزد کیا جائے تاکہ ملازمین کا ریکارڈ مرتب کرنے اور پنشن فنڈ سے متعلق کارروائی میں تاخیر نہ ہو۔

وزارت خزانہ کے ہیومن ریسورس ونگ کو نئی پنشن اسکیم پر عملدرآمد یقینی بنانے کی مرکزی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ اس کے ساتھ کنٹرولر جنرل اکاؤنٹس کو اے جی پی آر کے تعاون سے وفاقی ملازمین کا جامع ڈیٹا تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

حکومت کے مطابق ملازمین کا ڈیٹا وزارت، ڈویژن، محکمہ اور گریڈ کے لحاظ سے مرتب کیا جائے گا، تاکہ نئی پنشن اسکیم کے تحت آنے والے ملازمین کا مکمل اور درست ریکارڈ دستیاب ہوسکے۔

نئے نظام میں بنیادی طور پر پنشن کی ذمہ داری صرف حکومت پر رکھنے کے بجائے ملازم اور حکومت کی جانب سے مقررہ کنٹری بیوشن کے ذریعے پنشن فنڈ تشکیل دینے کا تصور شامل ہے۔ اس نظام میں ملازم کی ریٹائرمنٹ کے بعد ملنے والی رقم کا تعلق فنڈ میں جمع ہونے والی رقم اور اس کی سرمایہ کاری سے حاصل ہونے والے منافع سمیت مختلف عوامل سے ہوسکتا ہے۔

یہ نظام روایتی Defined Benefit پنشن نظام سے مختلف ہے جس میں ریٹائرمنٹ کے بعد پنشن کا تعین پہلے سے موجود قواعد اور ملازم کی سروس وغیرہ کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:موبائل صارفین کیلئے خوشخبری ، ہفتہ اور ماہانہ سستے پیکیجز کی تفصیلات آ گئیں

وفاقی حکومت کی جانب سے اب نئی اسکیم کو آپریشنل مرحلے میں لانے کے بعد متعلقہ وزارتوں اور محکموں میں ملازمین کے ریکارڈ کی جانچ اور اندراج کا عمل شروع ہوگا۔

حکومت نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ مقررہ مدت میں ڈیٹا اپ ڈیٹ کیا جائے اور نئی پنشن فنڈ اسکیم پر بروقت عملدرآمد یقینی بنایا جائے، تاکہ نئے پنشن نظام کے تحت آنے والے ملازمین کا ریکارڈ مکمل اور درست انداز میں تیار کیا جاسکے

Qaisar Mirza
editor

Related Articles