وفاقی ادارہ شماریات کی دستاویزات میں انکشاف ہوا ہے کہ گزشتہ ایک سال کے دوران ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ بعض شہروں میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 1250 روپے تک اضافہ ہوا۔
ادارہ شماریات کی دستاویزات کے مطابق کراچی میں آٹے کی قیمتوں میں سب سے زیادہ اضافہ دیکھنے میں آیا، جہاں ایک سال قبل 20 کلو آٹے کا تھیلا زیادہ سے زیادہ 1800 روپے میں دستیاب تھا، جو اب بڑھ کر 2900 روپے تک پہنچ گیا ہے۔ اس طرح کراچی ملک کا مہنگا ترین شہر بن گیا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق پشاور اور بنوں میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 1250 روپے، کوئٹہ اور خضدار میں 1200 روپے، اسلام آباد اور راولپنڈی میں 1173 روپے جبکہ سکھر میں 1140 روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق کراچی اور حیدرآباد میں آٹے کا 20 کلو تھیلا 1100 روپے، گوجرانوالہ میں 1083 روپے، بہاولپور میں 1013 روپے جبکہ سیالکوٹ، ملتان اور لاڑکانہ میں ایک ہزار روپے تک مہنگا ہوا۔
اسی طرح فیصل آباد میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 950 روپے، لاہور میں 850 روپے اور سرگودھا میں 806 روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
دستاویزات کے مطابق آٹے کی قیمتوں میں یہ اضافہ گزشتہ ایک سال کے دوران ملک بھر میں صارفین پر اضافی مالی بوجھ کا باعث بنا ہے، جبکہ شہریوں نے بڑھتی ہوئی اشیائے خورونوش کی قیمتوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔