پاکستانی نوجوانوں کیلئے بڑی خوشخبری، آمدنی بڑھانے کا نیا فارمولا سامنے آگیا

پاکستانی نوجوانوں کیلئے بڑی خوشخبری، آمدنی بڑھانے کا نیا فارمولا سامنے آگیا

موجودہ مہنگائی کے دور میں بڑھتے ہوئے اخراجات نے لوگوں کو آمدنی میں اضافے کے نئے ذرائع تلاش کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔ اس حوالے سے پاکستان فری لانسرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ابراہیم امین نے نوجوانوں کو اپنی آمدنی بڑھانے کے لیے اہم مشورے دیے ہیں۔

نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ابراہیم امین نے کہا کہ نوجوانوں کو اپنے موجودہ شعبے میں مہارت بڑھانے کے ساتھ ساتھ فری لانسنگ، ای کامرس اور دیگر ڈیجیٹل اسکلز سیکھنے پر توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آمدنی کے اضافی ذرائع پیدا کرنے اور ذاتی بجٹ کو بہتر انداز میں ترتیب دینے سے بھی مالی مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :رواں مالی سال کی پہلی ششماہی، پاکستانی فری لانسرز نے کتنی کمائی کی؟

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 11 ماہ کے دوران پاکستان میں فری لانسنگ کے ذریعے تقریباً 1.6 ارب ڈالر کا زرمبادلہ آیا، جس نے آئی ٹی برآمدات کے حکومتی اہداف کے حصول میں اہم کردار ادا کیا۔

ابراہیم امین کے مطابق ماضی میں پاکستانی فری لانسرز کو بیرون ملک کمپنیوں سے براہِ راست ادائیگیاں وصول کرنے میں مشکلات پیش آتی تھیں کیونکہ اسٹیٹ بینک کے قواعد کے تحت انفرادی اکاؤنٹس میں ایسی رقوم کی منتقلی آسان نہیں تھی۔ تاہم اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور ایک مقامی بینک کے تعاون سے نئے نظام کے نفاذ کے بعد یہ مسئلہ کافی حد تک حل ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2022 میں پاکستان فری لانسرز ایسوسی ایشن کے قیام کے بعد پہلی مرتبہ 450 ملین ڈالر کی دستاویزی فری لانس برآمدات ریکارڈ کی گئیں جبکہ اس شعبے میں سالانہ تقریباً 70 فیصد ترقی دیکھنے میں آئی۔

صرف چار سال کے دوران فری لانسنگ کی برآمدات 400 ملین ڈالر سے بڑھ کر 1.6 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہیں، جو اس شعبے کی تیز رفتار ترقی کا ثبوت ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :11 ماہ میں ریکارڈ آمدنی ، پاکستانی فری لانسرز نے دنیا کو حیران کر دیا

ابراہیم امین کا کہنا تھا کہ پاکستان کی 60 فیصد سے زائد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، اور اگر حکومت اور نجی شعبہ انہیں مناسب تربیت اور رہنمائی فراہم کریں تو ملک فری لانسنگ کے ذریعے سالانہ 10 ارب ڈالر تک زرمبادلہ کما سکتا ہے۔

editor

Related Articles