شہبازشریف سے اسکندر مومنی کی ملاقات، خطے کی صورتحال پر گفتگو

شہبازشریف سے اسکندر مومنی کی ملاقات، خطے کی صورتحال پر گفتگو

وزیراعظم شہباز شریف سے ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مؤمنی نے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں پاک ایران تعلقات، علاقائی صورتحال، امن و استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے خلیج میں حالیہ کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام فریق ایسے اقدامات سے گریز کریں جو خطے میں مزید عدم استحکام کا باعث بنیں، انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں امن کے لیے ایک مخلص ثالث اور سہولت کار کے طور پر اپنا کردار جاری رکھے گا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے ایرانی قیادت کے لیے نیک خواہشات کا پیغام بھی پہنچایا اور دونوں ممالک کے درمیان تاریخی، برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مؤمنی نے اسلام آباد میں پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور ایرانی قیادت کی جانب سے خیرسگالی کا پیغام پہنچایا، انہوں نے پاکستان کی جانب سے خطے میں امن اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔

پاک ایران وزرائے داخلہ کی اہم ملاقات، دوطرفہ تعاون بڑھانے پراتفاق

دریں اثنا اسکندر مؤمنی نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بھی ملاقات کی، جس میں خطے کی سلامتی، دوطرفہ دفاعی تعاون، سرحدی امور اور امن و استحکام سے متعلق معاملات پر گفتگو کی گئی، ایرانی وزیر داخلہ نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے علاقائی امن کے لیے کردار اور سفارتی کوششوں کو سراہا۔

ملاقاتوں میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور ایران خطے میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے،ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔

editor

Related Articles