اگست 2026 دنیا کی تاریخ کا گرم ترین مہینہ قرار، عالمی درجہ حرارت نے نیا ریکارڈ بنا لیا

اگست 2026 دنیا کی تاریخ کا گرم ترین مہینہ قرار، عالمی درجہ حرارت نے نیا ریکارڈ بنا لیا

دنیا ایک بار پھر غیر معمولی گرمی کی لپیٹ میں ہے ، اگست 2026 عالمی سطح پر ریکارڈ کیا جانے والا مشترکہ طور پر گرم ترین مہینہ بن گیا، جب عالمی اوسط درجہ حرارت نے جولائی 2023 میں قائم ہونے والے سابقہ ریکارڈ بھی عبورکر لیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق یورپی یونین کی موسمیاتی نگرانی سروس کوپرنیکس کے مطابق اگست کے دوران عالمی اوسط سطحی درجہ حرارت 16.96 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ،  یہ 1991 سے 2020 کے اوسط درجہ حرارت کے مقابلے میں 0.85 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ہے۔

صنعتی دور سے پہلے کے مقابلے میں درجہ حرارت 1.65 ڈگری زیادہ

کوپرنیکس کے اعداد و شمار کے مطابق اگست 2026 کا عالمی درجہ حرارت صنعتی دور سے قبل یعنی 1850 سے 1900 کے اوسط کے مقابلے میں 1.65 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہا۔

یہ نومبر 2025 کے بعد پہلا مہینہ ہے جب عالمی درجہ حرارت ایک مرتبہ پھر 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ کی سطح سے اوپر پہنچا ہے۔

یہ اعداد و شمار ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب دنیا پہلے ہی موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے اثرات کا سامنا کر رہی ہے۔

سمندروں کا درجہ حرارت بھی ریکارڈ سطح پر

رپورٹ کے مطابق اگست کے دوران قطبی علاقوں کو چھوڑ کر دنیا کے سمندروں کی اوسط سطحی درجہ حرارت 21.07 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جو اگست کے لیے ایک نیا ریکارڈ ہے ، یہاں یہ بات تشویشناک  ہے کہ 24 اور 25 اگست کو سمندری درجہ حرارت کی روزانہ اوسط 21.11 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گئی، جو اب تک کی بلند ترین سطح ہے۔

ماہرین کے مطابق بحرالکاہل میں تیزی سے مضبوط ہوتا ایل نینو بھی سمندری درجہ حرارت میں اضافے کا ایک اہم عنصر ہے۔

انسانی سرگرمیاں بھی بڑی وجہ قرار

ماہرین کا کہنا ہے کہ موجودہ غیر معمولی گرمی کی بنیادی وجہ طویل عرصے سے جاری انسانی سرگرمیاں ہیں ، بالخصوص فوسل فیول کے استعمال سے پیدا ہونے والی گرین ہاؤس گیسوں کا اخراج عالمی درجہ حرارت میں اضافے کی بڑی وجہ بن رہا ہے، اس کے ساتھ ساتھ ایل نینو نے بھی حالیہ گرمی میں مزید شدت پیدا کی ہے۔

مغربی یورپ میں بھی گرمی کا نیا ریکارڈ

کوپرنیکس کے مطابق جون سے اگست 2026 تک کا عالمی موسمِ گرما بھی ریکارڈ کے اعتبار سے مشترکہ طور پر گرم ترین رہا ، مغربی یورپ میں صورتحال مزید سنگین رہی، جہاں رواں برس کا موسمِ گرما اب تک کا گرم ترین قرار پایا اور اس نے 2003 کا سابقہ ریکارڈ توڑ دیا۔

یہ بھی پڑھیں : 25ہزار روپے حاصل کرنے کا سنہری موقع، رجسٹریشن کروانے کا طریقہ جانیے

گرمی کی شدید لہر کے دوران برطانیہ، فرانس، ہنگری، رومانیہ اور سربیا سمیت کئی علاقوں کو شدید خشک سالی کا سامنا کرنا پڑا۔

بڑے دریاؤں میں پانی کی سطح غیر معمولی حد تک کم

شدید گرمی اور خشک سالی کے اثرات یورپ کے بڑے دریاؤں پر بھی نمایاں ہوئے۔ رائن اور ڈینیوب سمیت متعدد بڑے دریاؤں میں پانی کی سطح غیر معمولی حد تک کم رہی ، یہ صورتحال نہ صرف ماحول بلکہ زراعت، پانی کی دستیابی اور دیگر انسانی سرگرمیوں کے لیے بھی تشویش کا باعث بن رہی ہے۔

دنیا مسلسل غیر معمولی گرمی کی زد میں

دنیا گزشتہ چند برسوں سے مسلسل غیر معمولی گرمی کا سامنا کر رہی  ہے ، یاد رہے کہ  جولائی 2023 کو اس سے قبل عالمی سطح پر گرم ترین مہینہ قرار دیا گیا تھا، جبکہ 2024 مجموعی طور پر اب تک کا گرم ترین سال ریکارڈ ہوا۔

اگست 2026 کا نیا درجہ حرارت ریکارڈ ایک بار پھر اس جانب توجہ دلاتا ہے کہ عالمی سطح پر بڑھتی گرمی اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کس تیزی سے سامنے آ رہے ہیں اور اس سے نمٹنے کیلئے کام کرنا بے حد ضروری ہے۔

editor

Related Articles