کیا آپ انجینئر ہیں اور بیرونِ ملک بہتر مستقبل کی تلاش میں ہیں؟ تو یہ خبر آپ کی زندگی بدل سکتی ہے، یورپ کی سب سے بڑی معیشت جرمنی اس وقت انجینئرز کی شدید کمی کا سامنا کر رہی ہے، اور اس خلا کو پر کرنے کے لیے دنیا بھر سے ہنر مند افراد کو خوش آمدید کہا جا رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق پاکستانی انجینئرز کے پاس اس وقت جرمنی میں مستقل روزگار حاصل کرنے کا نایاب موقع موجود ہے۔
جرمنی کو انجینئرز کی ضرورت کیوں پڑ رہی ہے؟
جرمنی دنیا بھر میں اپنی اعلیٰ معیار کی انجینئرنگ، جدید مشینری اور آٹوموبائل صنعت کے لیے مشہور ہے ، تاہم ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی تیز رفتار ترقی نے صنعت میں نئے کاروباری ماڈلز اور نئی ملازمتیں پیدا کر دی ہیں نتیجتاً، ہنر مند انجینئرز کی طلب مسلسل بڑھ رہی ہے اور مقامی افرادی قوت اس ضرورت کو پورا کرنے کے لیے ناکافی ثابت ہو رہی ہے۔
کن شعبوں میں سب سے زیادہ اسامیاں خالی ہیں؟
اعداد و شمار کے مطابق جرمنی میں تحقیق و ترقی (ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ) کے شعبے میں اس وقت بڑی تعداد میں اعلیٰ سطح کی اسامیاں خالی پڑی ہیں، اس کے علاوہ آٹومیشن ٹیکنالوجی، تعمیراتی منصوبہ بندی، آرکیٹیکچر، الیکٹرک گاڑیوں، خودکار ڈرائیونگ، قابلِ تجدید توانائی اور مصنوعی ذہانت جیسے جدید شعبوں میں بھی انجینئرز کی سخت ضرورت محسوس کی جا رہی ہے۔
یعنی اگر آپ روایتی انجینئرنگ کے علاوہ کسی جدید ٹیکنالوجی میں بھی مہارت رکھتے ہیں تو آپ کے لیے مواقع کی کوئی کمی نہیں۔
انجینئرز کو کس نوعیت کی ذمہ داریاں ملیں گی؟
جرمنی میں انجینئرز کو تکنیکی پیداوار کی منصوبہ بندی، انتظام، کوالٹی اشورنس، تعمیرات اور مشین ڈیزائن جیسے شعبوں میں ملازمت مل سکتی ہے، خاص بات یہ ہے کہ تجربہ کار اور اہل امیدواروں کے لیے قیادتی عہدوں کے دروازے بھی کھلے ہیں، یعنی محنت اور مہارت کی بنیاد پر ترقی کے امکانات بھی روشن ہیں۔
ویزا اور رہائشی اجازت نامہ کیسے ملے گا؟
جرمنی میں ملازمت کے خواہشمند پاکستانی شہریوں کو سب سے پہلے رہائشی اجازت نامہ (ریزیڈنس پرمٹ) حاصل کرنا ہوگا، اس مقصد کے لیے دو راستے دستیاب ہیں: کوالیفائیڈ پروفیشنلز کے لیے مخصوص ورک ویزا، یا پھر یورپی یونین بلیو کارڈ۔ دونوں پروگرامز کا مقصد ہنر مند غیر ملکی پیشہ ور افراد کو جرمنی میں آسانی سے آباد ہونے میں مدد دینا ہے۔
اکثر لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ جرمنی میں ملازمت کے لیے جرمن زبان پر مکمل عبور لازمی ہے، مگر ماہرین اس تاثر کو غلط قرار دیتے ہیں، انجینئر کے طور پر کام کرنے کے لیے جرمن زبان جاننا لازمی شرط نہیں۔ البتہ، اگر آپ جرمن زبان سیکھ لیں تو ملازمت کے حصول کے ساتھ ساتھ روزمرہ زندگی میں بھی نمایاں سہولت ملتی ہے، اور مقامی کلچر میں ضم ہونا بھی آسان ہو جاتا ہے۔
درخواست کیسے دی جائے؟
جرمن حکومت نے خواہشمند امیدواروں کی رہنمائی کے لیے “میک اِٹ اِن جرمنی” کے نام سے ایک باقاعدہ آن لائن پلیٹ فارم تشکیل دیا ہے۔ اس پلیٹ فارم پر کوئیک چیک ٹول، دستیاب ملازمتوں کی فہرست، درخواست دینے کا طریقہ کار اور پیشہ ورانہ اسناد کی تصدیق سے متعلق مکمل رہنمائی موجود ہے۔ اس سے بیرونِ ملک سے آنے والے انجینئرز کو جرمنی میں ملازمت تلاش کرنا کافی حد تک آسان ہو جاتا ہے۔
دلچسپی رکھنے والے امیدوار آفیشل ویب سائٹ ملاحظہ کر سکتے ہیں: make-it-in-germany.com
پاکستان میں ہر سال ہزاروں انجینئرز تعلیم مکمل کرتے ہیں، مگر ملکی سطح پر معیاری روزگار کی کمی ایک دیرینہ مسئلہ رہا ہے، جرمنی جیسی مضبوط معیشت میں بڑھتی ہوئی طلب ان نوجوانوں کے لیے ایک قابلِ عمل متبادل ثابت ہو سکتی ہے۔
اگر یہ رجحان برقرار رہا تو آنے والے برسوں میں مزید پاکستانی انجینئرز جرمنی کا رخ کر سکتے ہیں، جس سے نہ صرف انفرادی سطح پر بہتر مستقبل ملے گا بلکہ ملک کو بھاری ترسیلاتِ زر کی صورت میں بھی فائدہ پہنچے گا۔