پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ نادیہ افغان اور مقبول یوٹیوبر ڈکی بھائی کے درمیان ایک بیان کے بعد سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی۔
نادیہ افغان نے نادیہ یاسر کے مارننگ شو میں گفتگو کے دوران ڈکی بھائی کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کیا اور کہا کہ انہیں یہ بات پسند نہیں کہ ڈکی بھائی کے اتنے زیادہ فالوورز اور سبسکرائبرز ہیں۔
نادیہ افغان کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں ڈکی بھائی کی اتنی بڑی فالوونگ ہونا کوئی اچھی بات نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ ڈکی بھائی کو پسند نہیں کرتیں اور ان کے مطابق ان کے اتنے زیادہ سبسکرائبرز نہیں ہونے چاہئیں۔ اداکارہ کے اس بیان پر سوشل میڈیا پر بحث شروع ہوگئی، جس کے بعد ڈکی بھائی نے بھی ردعمل دے دیا.
یہ بھی پڑھیں:جینیفر لوپیز کی ہم شکل خاتون گرفتار، تصویر سوشل میڈیا پر وائرل
ڈکی بھائی نے انسٹاگرام پر نادیہ افغان کے بیان کا جواب دیتے ہوئے ان کے مؤقف سے اختلاف کیا۔ یوٹیوبر نے کہا کہ نادیہ افغان ان افراد کی حمایت کرتی رہی ہیں جو تنازعات میں رہے ہیں اور انہوں نے خاص طور پر تماثا کے بعض شرکا کی حمایت کا حوالہ دیا۔ ڈکی بھائی نے سوال اٹھایا کہ اگر متنازع شخصیات کی حمایت کی جاسکتی ہے تو پھر ان کے بارے میں تنقید کرتے ہوئے مختلف معیار کیوں اپنایا جارہا ہے۔
نادیہ افغان اور ڈکی بھائی کے درمیان اس بحث پر سوشل میڈیا صارفین بھی اپنی اپنی رائے کا اظہار کررہے ہیں۔ کچھ صارفین نے نادیہ افغان کے بیان کو تنقید کا نشانہ بنایا، جبکہ بعض نے ڈکی بھائی کے ردعمل پر بھی سوالات اٹھائے۔ ایک صارف نے لکھا کہ اداکار یوٹیوبرز سے حسد کرتے ہیں، جبکہ ایک اور صارف نے ڈکی بھائی اور رجب بٹ کے درمیان فرق کی بات کی۔
یہ بھی پڑھیں:سلمان خان کی گاڑی کے نیچے مداح کا پاؤں آگیا، اداکار ڈرائیور پر برس پڑے
دوسری جانب بعض صارفین نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ اگر نادیہ افغان ڈکی بھائی کو پسند نہیں کرتیں تو پھر انہوں نے ان کے بارے میں گفتگو اور ان کے مواد کا ذکر کیوں کیا۔ یوں ایک ٹی وی شو میں ہونے والی گفتگو سوشل میڈیا پر دونوں شخصیات کے درمیان نئی بحث کا سبب بن گئی ہے۔


