چین کی جانب سے ایران پر حوثی گروپ کو سعودی عرب کے تیل کے بنیادی ڈھانچے پر حملے محدود کرنے کے لیے آمادہ کرنے کی کوشش کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی ہے۔
عالمی توانائی مارکیٹ میں یہ پیش رفت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث تیل کی سپلائی اور اہم سمندری راستوں کی سلامتی پر خدشات برقرار ہیں۔
برینٹ اور ڈبلیو ٹی آئی کی قیمتوں میں کمی
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برینٹ خام تیل کے سودے 95 سینٹ یعنی 0.93 فیصد کمی کے بعد 104.87 ڈالر فی بیرل پر بند ہوئے۔
اسی طرح امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل کی قیمت میں 1.61 ڈالر یعنی 1.58 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد یہ 100.30 ڈالر فی بیرل رہی۔
رپورٹ کے مطابق چین نے ایران سے کہا ہے کہ وہ یمن کے حوثیوں پر اپنے اثر و رسوخ کو استعمال کرتے ہوئے سعودی عرب کے تیل کے بنیادی ڈھانچے پر حملوں میں کمی لانے میں کردار ادا کرے ، سعودی عرب نے بحیرۂ احمر کے راستے تیل کی ترسیل اور برآمدات کو متاثر کرنے والے حملوں کے بعد چین سے مدد طلب کی تھی۔ حوثیوں کی بحیرۂ احمر کے ساحلی علاقوں اور باب المندب کے اطراف بڑھتی سرگرمیوں نے سعودی تیل کی ترسیل کے ساتھ ساتھ سمندری تجارت کے لیے بھی خطرات بڑھا دیے ہیں۔
تیل کی سپلائی پر خدشات برقرار
گزشتہ چند ہفتوں کے دوران امریکا اور ایران کے درمیان حملوں، حوثیوں کی فوجی سرگرمیوں اور عالمی سطح پر ریفائننگ کی صلاحیت سے متعلق مسائل نے تیل اور دیگر اہم ایندھن کی قیمتوں کو متاثر کیا ہے۔
اس دوران آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کی آمدورفت معمول کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم رہی، جبکہ سعودی عرب کی مشرق سے مغرب تک جانے والی اہم ایسٹ ویسٹ آئل پائپ لائن پر حملے نے برآمدی سپلائی کے خدشات میں مزید اضافہ کردیا۔
دوسری جانب سعودی آرامکو نے ایسٹ ویسٹ پائپ لائن پر حملے کے بعد بعض یورپی ریفائنری صارفین کو اکتوبر میں خام تیل کی ترسیل روکنے سے آگاہ کیا ہے۔
مجموعی طور پر قیمتوں میں حالیہ کمی کے باوجود مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال، اہم بحری راستوں میں رکاوٹ اور سعودی تیل تنصیبات کو لاحق خطرات کے باعث عالمی تیل مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔
پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی
پاکستان میں بھی گزشتہ روز پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے ، پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق اوگرا نے حکومتی پٹرولیم پرائسنگ میکنزم کے تحت پیٹرول اور ڈیزل کی ایکس ڈپو قیمتوں میں ردوبدل کیا ہے، نئی قیمتیں 19 ستمبر سے 21 ستمبر 2026 تک لاگو ہوں گی۔
اعلامیے کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 88 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد نئی ایکس ڈپو قیمت 424 روپے 4 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔