اسمارٹ فون استعمال کرنے والوں کو اکثر ایک ہی شکایت رہتی ہے کہ موبائل کی بیٹری بہت تیزی سے ختم ہوجاتی ہے۔ بیٹری کم ہونے کی کئی وجوہات ہوسکتی ہیں، تاہم فون کی ایک عام سیٹنگ کو بند کرکے بیٹری لائف کو کسی حد تک بہتر بنایا جاسکتا ہے۔
اکثر افراد اپنے فون کا موبائل ڈیٹا ہر وقت آن رکھتے ہیں، چاہے وہ وائی فائی استعمال ہی کیوں نہ کررہے ہوں۔ موبائل ڈیٹا فعال ہونے کی صورت میں فون مسلسل سیلولر نیٹ ورک سے کنکشن برقرار رکھنے کی کوشش کرتا رہتا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ وائی فائی استعمال کرتے ہوئے بھی فون کچھ بیٹری پاور اس کنکشن کو برقرار رکھنے میں خرچ کرسکتا ہے۔
اگر موبائل ڈیٹا آن ہو تو وائی فائی بند ہونے یا اس کے سگنلز سے دور جانے کی صورت میں فون فوری طور پر سیلولر نیٹ ورک پر منتقل ہوجاتا ہے۔یہ سہولت ان افراد کے لیے مفید ہے جو وائی فائی اور موبائل نیٹ ورک کے درمیان مسلسل سوئچ کرتے رہتے ہیں، تاہم اس کے لیے فون کو پس منظر میں سیلولر کنکشن برقرار رکھنا پڑتا ہے۔
اگر آپ زیادہ تر وقت وائی فائی استعمال کرتے ہیں تو ضرورت نہ ہونے پر موبائل ڈیٹا بند رکھنا بیٹری کے غیر ضروری استعمال کو کم کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔البتہ اس کا ایک معمولی نقصان بھی ہے۔ جب آپ وائی فائی کی حدود سے باہر نکلیں گے تو موبائل ڈیٹا دوبارہ آن کرنے کے بعد فون کو سیلولر نیٹ ورک سے جڑنے میں تقریباً 10 سیکنڈ لگ سکتے ہیں۔
یعنی اگر آپ کا زیادہ وقت وائی فائی پر گزرتا ہے تو موبائل ڈیٹا کو ہر وقت آن رکھنے کے بجائے ضرورت کے مطابق استعمال کرنا بیٹری بچانے کا ایک آسان طریقہ ہوسکتا ہے۔