نمازی بن کر گاڑیاں چوری کرنے والا 57 سالہ ملزم گرفتار

نمازی بن کر گاڑیاں چوری کرنے والا 57 سالہ ملزم گرفتار

کراچی میں مسجد کے باہر نمازی بن کر گاڑیاں چوری کرنے والے 57 سالہ مبینہ ملزم کو اینٹی کار لفٹنگ سیل نے گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزم گاڑی چوری کرنے کے لیے مساجد کے باہر نمازی کا روپ دھارتا اور موقع ملتے ہی گاڑی لے کر فرار ہوجاتا تھا۔

اینٹی کار لفٹنگ سیل کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت 57 سالہ انصاف کے نام سے ہوئی ہے جس کے بارے میں پولیس کا کہنا ہے کہ وہ طویل عرصے سے گاڑیوں کی چوری میں ملوث رہا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم نے گاڑی چوری کی پہلی واردات سال 2000 میں کی تھی اور اس کے بعد سے مبینہ طور پر مسلسل گاڑی چوری کی وارداتوں میں ملوث رہا۔ ملزم کا مجرمانہ ریکارڈ تقریباً 23 سال پرانا بتایا گیا ہے۔

اینٹی کار لفٹنگ سیل کے مطابق ملزم کراچی سے چوری کی گئی گاڑیاں کوئٹہ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں لے جاتا تھا جہاں انہیں مبینہ طور پر فروخت کردیا جاتا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں کمی، نوٹیفکیشن جاری

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ چند روز قبل گلشن اقبال کے علاقے میں ایک مسجد کے باہر بھی ملزم کو گاڑی چوری کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ واقعے کی تفتیش اور دستیاب شواہد کی بنیاد پر پولیس نے ملزم تک رسائی حاصل کی اور اسے گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف کراچی کے مختلف تھانوں میں 15 سے زائد مقدمات درج ہیں اور وہ متعدد مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔

اینٹی کار لفٹنگ سیل نے ملزم کے قبضے سے چوری شدہ گاڑیوں اور دیگر وارداتوں سے متعلق شواہد حاصل کرنے کے لیے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔ پولیس یہ بھی معلوم کررہی ہے کہ ملزم کے ساتھ گاڑیوں کی چوری اور انہیں بلوچستان منتقل کرکے فروخت کرنے کے عمل میں مزید کون کون افراد ملوث تھے۔

پولیس حکام کے مطابق ملزم کے سابقہ مقدمات، چوری شدہ گاڑیوں کی منتقلی اور ممکنہ خریداروں کے حوالے سے بھی تحقیقات کی جارہی ہیں تاکہ گاڑی چوری کے اس مبینہ نیٹ ورک کے دیگر کرداروں تک پہنچا جاسکے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سے تفتیش کے دوران مزید گاڑیوں کی چوری اور دیگر وارداتوں کے حوالے سے اہم انکشافات سامنے آنے کی توقع ہے۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles