خیبر کے علاقے تیراہ میں فتنہ الخوارج کے خلاف جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران بارودی مواد کے دھماکے میں پاک فوج کے کمانڈنگ آفیسر لیفٹیننٹ کرنل شاہد علی زخمی ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق شدید زخمی ہونے کے باوجود لیفٹیننٹ کرنل شاہد علی نے غیر معمولی حوصلے، جرات اور پیشہ ورانہ عزم کا مظاہرہ کیا اور اپنے جوانوں کا حوصلہ بلند رکھتے ہوئے آپریشنل سرگرمیوں کا تسلسل برقرار رکھا۔
پاک فوج کے مطابق یہ واقعہ افسران اور جوانوں کی قیادت، فرض شناسی اور قومی سلامتی کے لیے ان کے عزم کی عکاسی کرتا ہے، جو مشکل ترین حالات میں بھی اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گرد عناصر کی جانب سے بزدلانہ کارروائیاں سیکیورٹی فورسز کے عزم کو متاثر نہیں کر سکتیں۔ قوم کے تعاون، سیکیورٹی اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور اہلکاروں کی قربانیوں کے باعث دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
پاک فوج نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملک کے امن، استحکام اور عوام کے تحفظ کے لیے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔